اسلامی تحریکیںپاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

زائرین سے متعلق خواجہ آصف کا بیان احمقانہ ہے، سبطین سبزواری

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علما کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے ایران عراق سے آنیوالے پاکستانی زائرین کے بارے میں بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیگی رہنما حکومت کیخلاف بیان بازی کیلئے متعصبانہ اور فرقہ وارانہ سوچ کی بجائے حقائق پر بات کریں اور اپنی پارٹی کے”ووٹ کو عزت دو” کے متروک نعرے پر توجہ دیں۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ زلفی بخاری کا زائرین کی آمدورفت سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی وہ اس میں کوئی کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں ہیں، خواجہ آصف اپنے سیاسی مخالفین پر تنقید کیلئے دیگر موضوعات کا انتخاب کر لیں، زائرین پر سیاست سے باز آ جائیں۔ قومی جماعت کے مرکزی رہنما سے ایسی احمقانہ تنقید کی توقع نہیں کی جا سکتی تھی، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کی قیادت خواجہ آصف کے بیان کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ تفتان بارڈر کے ذریعے برصغیر کے مسلمان صدیوں سے کربلا نجف کاظمین اور مشہد مقدس زیارات کیلئے آتے جاتے ہیں، اس راستے کو ہم نے سینکڑوں جانیں قربان کرکے بھی جاری رکھا ہے، تفتان راستے کو استعمال کرنے سے ہمیں کوئی روک سکا ہے اور نہ ہی آئندہ روک سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حکومتوں کے دوران زائرین کی بسوں پر دہشت گردی کے واقعات معمول رہا، زائرین کو بم دھماکوں، خودکش حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں شہید کیا گیا، مگر محبان اہل بیت علیہم السلام نے اس راستے کو نہیں چھوڑا، تمام پاکستانی زائرین اپنے وطن واپس آئے ہیں کوئی روک نہیں سکتا تھا۔

علامہ سبطین سبزواری نے واضح کیا کہ زائرین سے کورونا وائرس سے پھیلنے کے واقعات انہیں تفتان میں بغیر حفاظتی اور طبی اقدامات کے اکٹھے رکھنے اور غیر انسانی رویہ کی وجہ سے پیدا ہوئے جس کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مردان اور پشاور سے آنیوالے کورونا وائرس کے اپنی جان کی بازی ہارنے والے مریض ایران نہیں، سعودی عرب اور دبئی سے آئے تھے۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت کرے، سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button