
لاہور، انقلاب اسلامی ایران کی سلاگرہ کے موقع پر 3 روزہ فلم فیسٹیول کا آغاز
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) خانہ فرہنگ ایران لاہور میں ایران کے انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی خوشی میں تین روزہ فلم فیسٹیول کا آغاز ہو گیا۔ تقریب میں ڈی جی خانہ فرہنگ ایران لاہور جعفر روناس، فرسٹ سیکرٹری ایرانی قونصلیٹ لاہور مرتضی فراطی، فلم پروڈیوسر، سید نور، بریگیڈئیر ریٹائرڈ وحید الزمان، پی ٹی آئی کی رہنما تنزیلہ عمران، پروفیسر ڈاکٹر سعادت سعید، جمہوری پبلیکشنز کے سی ای او سہیل گوئندی، ڈاکٹر افتخار بخاری، بریگیڈئر ریٹائرڈ ڈاکٹر حسن جعفری، حلمیہ سعدیہ، علامہ اقبال کے نواسے اقبال صلاح الدین، اینکر پرسن مبشر لقمان، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی شعبہ فارسی کی سربراہ ڈاکٹر فلیحہ کاظمی، فلم ڈائریکٹر سلیم پرویز، فلم ڈائریکٹر چودھری کامران، فلم ڈائریکٹر شہزاد رفیق، پروفیسر فوزیہ ناز، پروفیسر ڈاکٹر عظمی زریں، پروفیسر ڈاکٹر انجم اور ڈاکٹر نجیب نے شرکت کی۔
ڈی جی خانہ فرہنگ ایران لاہور جعفر روناس نے کہا کہ پاک ایران تعلقات اتنے ہی پرانے ہیں جتنے دونوں ممالک، پاکستان کو سب سے پہلے ایران نے تسلیم کیا تھا اور انقلاب کے بعد پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں دیگرمذاہب و مسالک سے قربت اختیار کرکے حق بات پہنچائی جائے
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب سے باطل چلا گیا اور حق آ گیا، عوامی طاقت سے امام خمینی نے انقلاب برپا کیا، ایرانی قوم نے جو کارنامے سر انجام دیئے ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 43 سال میں استکباری قوتوں کی پابندیوں کے باوجود ایرانی قوم نے ہر شعبے میں نمایاں ترقی کی ہے۔ تقریب سے اینکر پرسن مبشر لقمان، پی ٹی آئی کی رہنما تنزیلہ عمران، سید نور اور فلم ڈائریکٹر شہزاد رفیق نے بھی خطاب کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے عوام ایک دوسرے کیساتھ ثقافتی و اسلامی رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔ ایران میں انقلاب اسلامی کی سالگرہ پر جتنی خوشی ایرانی قوم منا رہی ہے اتنی خوشی ہی پاکستانی قوم بھی منا رہی ہے، پاکستانی اور ایرانی یک جان و دو قالب ہیں۔ تقریب کے اختتام پر سماجی موضوع پر ایرانی فلم "سارا وایدا” بھی دکھائی گئی، جس میں ایرانی معاشرے میں خواتین کے کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔ سارا اور وایدا جو قریبی دوست ہیں، ان کے گرد گھومنے والی کہانی میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایرانی خواتین ایک دوسرے کی معاشی مشکلات کو حل کرتی ہیں اور ایرانی معاشرے کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا اہم رول ادا کر رہی ہیں۔