لاہور، شہادت حضرت فاطمہ زہرا ؑ کا مرکزی جلوس موچی دروازے سے برآمد ہوا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) دنیا بھر کی طرح لاہور میں بھی یوم شہادت مادر حسنین کریمین، زوجہ شیر خدا حضرت علی المرتضی، دختر رسول خدا حضرت محمد مصطفیٰ، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
یوم شہادت دختر رسول حضرت فاطمہ زہرا ؑ پر لاہور میں مرکزی جلوس عزاء ایام فاطمیہ موچی دروازہ سے برآمد ہو کر دربار بی بی پاکدامنؒ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ موچی گیٹ امام بارگاہ حسینیہ ہال سے ہر سال کہ طرح اس سال بھی ایام فاطمیہ پر جلوس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔ موچی گیٹ سے برآمد ہونیوالا جلوس اندرون گوالمنڈی، لاہور ہوٹل، نکلسن روڈ، ایمپریس روڈ، قلعہ گجر سنگھ سے ہوتا ہوا حرمِ بی بی پاکدامنؒ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں خطبہ فدک عظمت سیدہ زہراء ؑکی تجلی گاہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی
جلوس میں عزاداروں، بچوں بڑوں اور خواتین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ جلوس کے شرکاء پورے راستے ماتم اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔ جلوسِ عزاء میں شریک عزاداروں کا کہنا تھا کہ آج اس پاک ہستی کی شہادت کا دن ہے جن کے والد بزرگوار تمام مسلمانوں کے آخری نبی(ص) ہیں۔
بانی جلوس ایام فاطمیہ محمد علی بابری بٹ کا کہنا تھا کہ اس جلوس کے انعقاد کا مقصد نبی کریم (ص) کو ان کی جگر گوشہ کا پُرسہ دینا تھا، یہ وہ بی بی ہیں جن کے احترام میں خود نبی کریم (ص) استقبال کیلئے کھڑے ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا محسنہ اسلام ہیں، جنہوں نے اپنی جان سمیت اپنے جگر گوشوں کو بھی اسلام کی بقاء کیلئے قربان کر دیا۔ محمد علی بابری بٹ کا مزید کہنا تھا کہ اسلام قیامت تک بی بی کا احسان مند رہے گا۔