لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات
شیعہ نیوز: وزیراعلیٰ محسن نقوی سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے لاہور میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کےعوام دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی انتہائی متحرک اور محنتی وزیراعلیٰ ہیں، ہر کوئی ان کے کام کی تعریف کرتا ہے، نگران حکومت نے عوام کی خدمت کا حق ادا کیا ہے۔ امریکی قونصل جنرل کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی دیکھیں وزیراعلیٰ محسن نقوی کام کر رہے ہوتے ہیں، پنجاب کیساتھ تعلیم و تجارت کے شعبوں میں اشتراک کیلئے تیار ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ گندم کی پیداوارمیں اضافے کیلئے امریکی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، کیلیفورنیا یونیورسٹی سے پنجاب کے تعلیمی اداروں کے الحاق کیلئے کوشاں ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ کیلیفورنیا کی طرز پر پنجاب میں چھوٹے گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر کام کرنا چاہتے ہیں، سموگ بڑا چیلنج ہے، وجوہات کا تعین بہت ضروری ہے، مختصر عرصے میں پوری کوشش کی کہ عوام کی خدمت کر سکیں۔