امریکی فوج کو قاسم سلیمانی کے قتل کا تاوان ادا کرنا پڑے گا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جنوبی بیروت میں شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی یاد میں منعقدہ مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ سن دوہزار میں لبنان سے اسرائیل کے انخلا میں شہید قاسم سلیمانی نے بنیادی کردار ادا کیا تھا۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ امریکی فوج کو جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا تاوان ادا کرنا پڑے گا۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ ہم نے شہید قاسم سلیمانی کی عراق، شام ، لبنان ، فلسطین اور یمن میں عظیم اور بے لوث خدمات کے بارے میں سنا اور انھیں قریب سے مشاہدہ کیا۔ اور جو لوگ شہید قاسم سلیمانی کے ساتھ رہے ہیں وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ انھوں نے کیا کارنامے انجام دیئے ہیں۔
سید حسن نصراللہ نے داعش کی شکست میں شہید قاسم سلیمانی کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر داعش کو شام و عراق میں شکست نہ دی جاتی تو آج اردن ، کویت اور خلیج فارس کے دیگر ملکوں کی سلامتی خطرے میں پڑجاتی۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ ہمارا وظیفہ شہیدوں اور خاص طور پر شہید قاسم سلیمانی کی شہادت پر انھیں خراج عقیدت پیش کرنا ہیں ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ انھوں نے اپنے وظائف پر عمل کرتے ہوئے اپنی جان ، جان آفریں گے حوالے کردی ، وہ دنیا ميں بھی سرافراز اور سربلند رہے اور آخرت میں بھی وہ کامیاب اور سربلند ہیں۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے اسلامی مزاحمت کے شجرہ طیبہ کو تن آور درخت میں تبدیل کرنے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ۔ انھوں نے فلسطین اور لبنان میں اسلامی مزاحمت کو اتنا مضبوط اور مستحکم کردیا کہ آج فلسطینی اور لبنانی مزاحمتی تنظیمیں اسرائیل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اس کا مقابلہ کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی مزاحمت ہی وہ تنظیم ہے جس نے تاریخ میں پہلی مرتبہ اسرائیل کی طاقت کا طلسم توڑ کر اسے شکست سے دوچار کردیا اور وہ کام کیا جو کئی عرب ممالک کی فوجیں نہیں کرسکی تھیں وہ اسلامی مزاحمت نے کردیا۔
انھوں نے کہا کہ اسرائیل آج اسلامی مزاحمت کی نسبت بہت کمزور ہوچکا ہے۔ اسرائیل کو صرف امریکہ اور اس کے بعض عرب اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے اور وہ ان کی حمایت کے سہارے کھڑا ہے۔
عراق میں امریکہ کے فوجی اڈے پر ایران کے جوابی حملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ نے کہا کہ عین الاسد چھاؤنی پر ایران کے میزائل حملے نے امریکہ کی ہیبت کو چکنا چور کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی فوج کو آخر کار شہید سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کے قتل کا سنگین تاوان ادا کرنا ہی پڑے گا اور علاقے سے ان کا انخلا ہوکے رہے گا۔
اور یہ نئی تاریخ کا آغاز ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ اور اس کے ساتھیوں کے چہرے پر ہوائیاں اڑی ہوئی تھیں۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ ایران نے امریکہ کے منہ پر جو طمانچہ رسید کیا ہے اس میں ہمارے لیے ایک سبق پوشیدہ ہے کہ ہم اپنی طاقت پر بھروسہ کریں کیونکہ امریکہ غیر محدود طاقت کا مالک نہیں ہے۔