پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

حضرت ابوذر غفاری ؑصداقت کے علمبردار اور باطل سے ٹکرانے والے تھے

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) حضرت ابوذر غفاری ؑ سچائی اور صداقت کے علمبردار اور باطل سے ٹکرانے والے تھے۔ ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے چار ذی الحج شہادت صحابی رسول حضرت ابوذر غفاری ؑ کے موقع پر کیا۔

انہوں نےکہاکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ کہہ کر ابوذر غفاریؑ کی صداقت پر مہر ثبت کر دی کہ آسمان نے آج تک ایسے انسان پر سایہ نہیں کیا جو ابوذر سے زیادہ سچا ہو۔ ابوذر غفاری ؑسچے عاشق رسول تھے جنہوں نے زاہدانہ زندگی گذاری اپنے بے مثال زہد و تقویٰ کے باعث انہیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی مثل کہا جاتا تھا۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ سچائی تلخ ہوتی ہے لہٰذا حضرت ابوذر غفاریؑ کو حق گوئی کے جرم میں ربذہ کے صحراء میں جلاوطن کیا گیا۔ جہاں آپ نے عالم غربت میں مظلومانہ شہادت پائی۔

یہ خبر بھی پڑھیں ملک سے بے یقینی اور چپقلش کا خاتمہ نہایت ضروری ہے، علامہ شہنشاہ نقوی

انہوں نے مزید کہاکہ ابوذر غفاری ہر دور کے اہل حق کا رہبر و رہنماء ہے۔ جو ظلم کے آگے جھکنے کی بجائے ربذہ کے صحراء میں جلا وطن رہنا پسند کرتے ہیں۔ ابوذر تاریخ انسانی کا منفرد کردار ہے جسے تا ابد یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آل محمد علیہم السلام نے ہر دور میں پاکیزہ اور بے عیب کردار کے حامل ایسے بے نظیر انسانوں کی تربیت کی، جن پر بشریت کو ناز ہے۔ سلمان، ابوذر، مقداد، مالک اشتر اور عمار یاسر جیسے سینکڑوں اعلیٰ کردار کے حامل انسان نے مکتب اسلام میں تربیت پائی۔ جنہوں نے تاریخ انسانی پر اپنے پاکیزہ کردار کے باعث ان مٹ نقوش چھوڑے۔ عصر حاضر کی بشریت کو حق گوئی کے لئے کردار ابوذر کی ضرورت ہے۔ جو مال دنیا سے بے نیاز ہوکر رضائے رب کی خاطر حق کا علمبردار بن جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button