سانحہ مسجد امامیہ کوچہ رسالدار کے مجرموں کی عدم گرفتاری انتظامیہ کی نااہلی ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سانحہ مسجد امامیہ کوچہ رسالدار پشاورکے مجرموں کی تاحال عدم گرفتاری اور ورثاء شہداء کو ایک برس گزر جانے کے باوجود انصاف نہ ملنا سابقہ اور موجودہ حکومتوں سمیت انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ واقعے کی اصل تحقیقات کے لیے فوری طور پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما زاہد علی آخونزادہ نے سانحہ مسجد امامیہ کوچہ رسالدار کو ایک سال مکمل ہونے پر کیا۔
شیعہ جامع مسجد کوچہ رسالدار میں 4 مارچ 2022ء کو ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے 72 شہداء کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں زاہد علی آخونزادہ نے کہا کہ 4 مارچ 2022ء پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے کہ جب نماز جمعہ میں خانہ خدا میں 72 نمازیوں کو خودکش حملے میں شہید کر دیا گیا، مگر بے حس اور بیدرد حکمرانوں اور انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔
انہوں نے کہا کہ اب بھی ایک برس گزر گیا لیکن نہ تو واقعے کے اصل محرکات کو منظر عام پر لایا گیا اور نہ ہی مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جا سکا۔ ریاست کے اپنی عوام کے ساتھ اس معاندانہ روئیے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں سانحہ امامیہ مسجد کوچہ رسالدار پشاور، واللہ نہیں بھولیں گے
زاہد علی آخونزادہ نے کہا کہ شہداء کے ورثاء ایک برس سے انصاف کے متلاشی ہیں لہذا ان کو فوری انصاف مہیا کرنے اور اصل محرکات کو منظر عام پر لاکر قاتلوں کی گرفتاری کے لیے فی الفور واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے سمیت غفلت کے مرتکب عناصر کے خلاف بھی فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ زاہد علی آخونزادہ نے مزید کہا کہ اگر سانحہ کوچہ رسالدار کی شفاف تحقیقات کر کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا گیا ہوتا تو پشاور میں ایک سال کے اندر ہی پولیس لائن مسجد میں خودکش حملے جیسا افسوسناک واقعہ رونما نہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ شیعہ جامع مسجد کوچہ رسالدار اور سانحہ پولیس لائن مسجد قومی سانحات ہیں۔ ان جیسے دہشت گردی کے واقعات کی شفاف تحقیقات کر کے مجرموں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا سکتا ہے۔ اور ان کو کیفر کردار تک پہنچا کر وطن عزیز پاکستان کو دہشت گردوں کے چنگل سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔ انہوں شہدائے پشاور کے ورثاء کو یقین دلایا کہ قوم اپنے شہیدوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی، شہداء کا پاک خون رنگ لائے گا اور واقعے کے مجرم اور سہولت کار اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں اللہ رب العزت سے شہداءکے ورثا کو اس دلدوز سانحہ پر صبر جمیل عطا فرمانے کی بھی دعا کی۔