اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

ہم نے آیت اللہ خامنہ ای کو اپنا قائد، رہبر و امام تسلیم کرکے بیعت رضوان کی ہے،رہنما جماعت اسلامی ڈاکٹر معراج الہدیٰ

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نے ہی حماس، حزب اللہ، انصار اللہ و دیگر حقیقی مقاومتی گروہوں کو کھڑا کیا، اب اسرائیل کی نابودی بہت نزدیک ہے

شیعہ نیوز : جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم نے رہبر معظم خامنہ ای کو اپنا قائد، رہبر و امام تسلیم کرکے بیعت رضوان کی ہے، اگر ایمان و غیرت ہو تو شہید یحییٰ سنوار کی چھڑی بھی ایٹم بم سے زیادہ طاقتور ہوتی ہے اور اگر ایمان اور غیرت نہ ہو تو ایٹم بم بھی پٹاخہ بن کر رہ جاتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امامیہ آرگنائزیشن کراچی ریجن کے زیر اہتمام مسجد و امام بارگاہ مدینۃ العلم گلشن اقبال میں منعقدہ شہدائے القدس و مقاومت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ آج اسلامی مقاومت کے قائد امام خامنہ ای ہیں، آج اس دنیا میں ایک کربلا سجی ہے، حق و باطل کا معرکہ برپا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو اگر کسی نے عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا تو وہ سب سے پہلے حضرت امام خمینی نے قرار دیا، اسرائیل کے بڑھتے قدم کو انقلاب اسلامی ایران نے روکا۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نے ہی حماس، حزب اللہ، انصار اللہ و دیگر حقیقی مقاومتی گروہوں کو کھڑا کیا، اب اسرائیل کی نابودی بہت نزدیک ہے، ہم نے رہبر معظم خامنہ ای کو اپنا قائد، رہبر و امام تسلیم کرکے بیعت رضوان کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ، سید حسن نصراللہ، یحییٰ سنوار کی شہادت پر پوری دنیا میں خاموشی چھائی ہوئی تھی، محمد بن سلمان، رجب اردوان، فتاح سیسی، شاہ عبداللہ، شہباز شریف و دیگر حکمرانوں کے بجائے فقط امام خامنہ ای نے شہداء کے خون کا انتقام لینے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں: متنازعہ نصاب تعلیم کے حوالے سے پاکستان کے کروڑوں شہریوں کو تحفظات ہیں،علامہ مقصود ڈومکی

انہوں نے کہا کہ حق و باطل کی کشمکش میں آج اگر کوئی حق کی امامت کر رہا ہے تو وہ سیدہ زہرا (س) کی آنکھوں کا نور اور علیؑ کا بیٹا امام خامنہ ای ہیں، غزہ کے مظلومین کیلئے سکون کی رات صرف وہی تھی کہ جب ایران نے اسرائیل پر میزائل داغے تھے، غزہ والے اپنے تباہ گھروں کے ملبے کے اوپر جشن مناتے ایران کے حق میں نکل آئے۔

مرکزی رہنماء جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر ایمان اور غیرت نہ ہو تو ایٹم بم بھی پٹاخہ بن کر رہ جاتا ہے اور اگر ایمان اور غیرت ہو تو شہید یحییٰ سنوار کی چھڑی بھی ایٹم بم سے زیادہ طاقتور ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا انقلاب اسلامی وہ کردار ادا کر رہا ہے کہ آج باطل کی آنکھوں میں کھٹکنے لگے ہیں، باطل کو منہ توڑ جواب دے رہے ہیں، یہ وقت حق کے امام کی بیعت اور اس کے پیچھے کھڑے ہونے کا ہے، آج آیت اللہ خامنہ ای امام و قائد و رہبر ہیں، ان شاء اللہ ظہور کے بعد امام مہدی (عج) کے ہاتھ پر بیعت کرینگے۔ شہدائے القدس و مقاومت کانفرنس سے سینیئر تجزیہ کار آغا علی نقی ہاشمی، مولانا ڈاکٹر عقیل موسیٰ، سینیئر تجزیہ کار سید راشد احد، ایم ڈبلیو ایم سندھ کے رہنما مولانا مختار احمد امامی نے بھی خطاب کیا، جبکہ معروف منقبت و نوحہ خواں احمد رضا ناصری اور سید جنید مظفر زیدی نے ترانہ شہادت پیش کئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button