داعشیوں کی شام سے عراق منتقلی
شیعہ نیوز: عراقی پارلیمنٹ کے ایک رکن نے انکشاف کیا ہے کہ دہشتگرد گروہ داعش کے 150 کنبوں کو شام کے الہول کیمپ سے عراق کے شہر موصل کے الجدعه ۱ کیمپ میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
عراقی پارلیمنٹ میں صوبۂ نینوا کے نمائندے شیروان البردانی نے شام سے عراق میں داعش کے خاندانوں کی مسلسل آمد اور اسکے نتائج کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مخالفت اور تحفظات کے باوجود، ایسا لگتا ہے کہ صوبۂ نینوا کے حکام، ملک بالخصوص موصل شہر کے باشندوں کی حفاظت کی پرواہ کیے بغیر اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس صورتحال کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیا۔
الانبار اتحاد کے ایک رہنما «الموحد عبدالله الجغیفی» نے اس سے قبل شام کے الہول کیمپ سے بڑی تعداد میں داعش کے دہشتگردوں کی بیواؤں اور بیویوں کو موصل کے الجدعه کیمپ میں منتقل کرنے کے نتائج کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقدام عراق میں امن و امان کی صورتحال کو تہہ و بالا کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ الہول کیمپ شام اور عراق کی مشترکہ سرحدوں سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور یہ دونوں ممالک میں داعش کے عناصر کا سب سے بڑا کیمپ ہے جو امریکہ سے منسلک سیرین ڈیموکریٹک فورسز (قسد) کے کنٹرول میں ہے۔