پاکستانی شیعہ خبریں

ملک بھر کے مسنگ پرسنز کو مجاز عدالتوں میں پیش کیا جائے، علامہ مقصود ڈومکی

شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ہماری تحریک پرامن ہے اور ہم پرامن طریقے سے مسنگ پرسنز کی بازیابی چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ پہنچ کر ماما قدیر بلوچ و دیگر سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ سٹی حاجی غلام حسین اخلاقی، مولانا نور حسین اندرزگو و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستان کے آئین کی پابندی تمام شہریوں اور اداروں کے لئے ضروری ہے اور کوئی بھی شخص یا ادارہ آئین اور قانون سے بالاتر نہیں۔ پاکستان کے کسی بھی شہری کو ماورائے آئین و قانون اُٹھانا لا قانونیت ہے۔ اگر کسی پر کوئی الزام ہے تو اس کے لئے قانون موجود ہے۔ ایف آئی آر درج کرکے اسے کورٹ میں پیش کر دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ماورائے آئین و قانون اٹھانے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے مسنگ پرسنز کو مجاز عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کراچی میں مزار قائد کے سامنے کراچی کے شہری مسنگ پرسنز کے معاملے پر دھرنا دے چکے ہیں، جبکہ اس وقت مسنگ پرسنز کا مسئلہ پورے ملک کا مسئلہ بن چکا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ مسنگ پرسنز کے دھرنے اسلام آباد پہنچ کر یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلوچ مسنگ پرسنز تحریک کے سربراہ ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت بھی ہزاروں لوگ لاپتہ ہیں، جن کے وارث عدالتوں اور ریاستی اداروں کے چکر کاٹ کر تھک چکے ہیں۔ مگر کوئی ان کے پیاروں کو بازیاب کرنے کے لئے تیار نہیں۔ ہماری تحریک پرامن ہے اور ہم پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے مسنگ پرسنز کی بازیابی چاہتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button