اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

بلوچستان کے ساتھ زیادتیاں ، اخترمینگل نے قومی اسمبلی کو خیرآبادکہہ دیا

شیعہ نیوز: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے ڈائس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حکومت نام کی رہ گئی ہے۔ میں ریاست، صدر اور وزیراعظم پر عدم اعتماد کرتا ہوں۔ اب کسی ادارے پر یقین نہیں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے معاملے میں لوگوں کی دلچسپی نہیں ہے۔ میرا اعتماد اس نظام سے اٹھ گیا ہے۔ میرا اعتماد ان لوگوں سے اٹھ گیا ہے، پہلے جو لوگ ہم سے بیٹھ کر بات کرتے تھے۔ ہمیں سنتے تھے، بلوچستان کے مسائل پر بات کرتے تھے، بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کی بات کرتے تھے۔ اب نہ کوئی بات کر رہا ہے اور نہ ہی ہماری کوئی بات سن رہا ہے۔ نہ ہی کوئی بلوچستان کے مسئلے کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس نظام سے مایوس ہوگیا ہوں۔ اس لئے آج استعفیٰ دیتا ہوں اور واپس اپنے حلقے کے لوگوں میں بیٹھوں گا۔ کم از کم ان کو اپنا منہ دکھا سکوں گا کہ اگر میں ان کیلئے کچھ کر نہیں سکا، تو میں ان لوگوں کے درمیان نہیں بیٹھا، جو ان کیلئے کچھ نہیں کر رہے بلکہ صرف سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست سے بہتر ہے کہ پکوڑوں کی دکان لگا لوں۔ سردار اختر مینگل نے بلوچستان کے مسائل کا الزام، عدلیہ، اسٹبلمشنٹ، نظام، پارلیمنٹ پر عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جتنے بھی لوگ قتل ہو رہے ہیں۔ چاہے وہ بلوچ، پنجابی یا سندھی ہیں، ان سب کا قاتل یہ نظام ہے۔ یہ ناانصافی کا نظام ہے، جو بلوچستان میں چل رہا ہے۔ واضح رہے کہ اختر مینگل بلوچستان سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 256 سے منتخب ہو کر اسمبلی میں آئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button