
اربعین حسینی، کوئٹہ اور تفتان بارڈر پر’’ موکب ذینبیہ‘‘ کا اہتمام
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملت جعفریہ کے جوانوں کی جانب سے اربعین حسینی پر زیارت کی غرض سےایران اور عراق جانے والے زائرین کی خدمت کیلیے کوئٹہ اور تفتان بارڈر پر ’’ موکب ذینبیہ ‘‘ کا اہتما م کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی سالوں سے اربعین حسینی کے موقع پر پاکستان سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین کربلا معلی کا رخ کرتے ہیں، ان میں ایک بڑی تعداد ایسے مومنین کی ہوتی ہے جو فضائی سفر کی اخراجات نہ ہونے کے سبب زمینی سفر اختیار کرتے ہیں اور سرزمین عشق کربلا کا رخ کرتے ہیں۔
زائرین کی بڑی تعداد کے سبب کوئٹہ اور تفتان بارڈر پر ان کے لیے سہولیات اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کا مناسب انتظام نہیں ہو پاتا اور موسم کی سختی کے باعث زائرین خصوصا خواتین اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان تمام باتوں کے پیش نظر جذبۂ حسینی سے سرشار ملت جعفریہ کے چند جوانوں نے ان زائرین کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے جو کوئٹہ اور تفتان بارڈر پر ملک بھر سے جانے والے زائرین کیلیے آرام، کھانے پینے اور ان کے علاج معالجے کا بندو بست کریں گے۔
یہ جوان ان زائرین امام حسینؑ کی خدمت کیلیے ’’موکب ذینبیہ‘‘ کے نام سے موکب لگارہے ہیں جس میں زائرین امام حسین ؑ کو بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ موکب ذینبیہ کا انتظام کسی خاص تنظیم یا ادارے کی جانب سے نہیں ہے بلکہ اس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے جوان شامل ہیں۔
شیعہ نیوز نیٹ ورک اپنے قارئین سے گزارش کرتا ہے کہ زائرین امام حسینؑ کی خدمت کا بیڑہ اٹھانے والے ان جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے ساتھ تعاون فرمائیں۔
رابطہ نمبر موکب ذینبیہ 03350368548 03218264129