دنیاہفتہ کی اہم خبریں

مقبوضہ کشمیر میں 44 دن سے کرفیو، 3 مزید کشمیری شہید

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مقبوضہ کشمیر لاک ڈاون کو 44 روز گزر گئے جبکہ ریاستی دہشت گردی میں تین مزید کشمیری نوجوانوں کوشہید کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتظامیہ کی طرف سے کرفیوکے نفاذ کو 44دن گزر چکے ہیں جس کے باعث مظلوم کشمیری عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بھارتی فورسز کی جانب سے ان پر ہر قسم کا ظلم وتشدد بھی روا رکھا جارہا ہے۔

انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ وادی کی صورتحال تیزی کے ساتھ بہتری کی جانب گامزن ہے تاہم اس کے برعکس اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسیں بھی سڑکوں سےغائب ہیں۔ جس کی وجہ سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ستم بالائے ستم بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین مزید کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے دو نوجوانوں کو کتھوا کے علاقے میں جعلی پولیس مقابلے میں شہید کیا جبکہ ایک نوجوان کو جموں کے پولیس اسٹیشن میں زیر حراست شہید کیا گیا۔

شہید نوجوانوں کے لواحقین نے قابض بھارتی فورسز کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے اور اشیائے خورد و نوش کے ساتھ ساتھ ادویات کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں معمول کی زندگی 5 اگست کو اس وقت معطل ہوئی جب مرکزی حکومت نے ریاست کو خصوصی پوزیشن عطا کرنے والی آئین ہند کی دفعہ 370 ہٹادی اور ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کرکے مرکز کے زیر انتظام والے علاقے بنانے کا اعلان کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button