مولا علیؑ کی آفاقی انقلابی سیرت و کردار مسلم حکمرانوں کیلئے رشد و ہدایت کا ذریعہ ہے، متحدہ علماء محاذ
شیعہ نیوز: متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں منعقدہ مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت، مولانا انتظارالحق تھانوی کی زیر سرپرستی 16واں سالانہ یوم جشن ولادت مولود کعبہؑ سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ و سیاسی زعماء نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ داماد رسولؐ، فاتح خیبر، باب العلم، شیر خدا، امیرالمومنین سیدنا علی ابن ابی طالبؑ کی آفاقی انقلابی سیرت و کردار مسلم حکمرانوں اور پوری امہ کیلئے مشعل راہ اور رشدو ہدایت کا ذریعہ ہے، رسول اللہؐ نے سیدنا علی المرتضیٰ کو مولا قرار دیا، سیدنا علی المرتضیؑ کامل نمونہ عمل ہیں، مولا علیؑ کے نام سے مومن خوش اور منافق پریشان ہوجاتا ہے، باب العلم کے ذریعے تاقیامت رشد و ہدایت کا سرچشمہ جاری رہے گا، دنیا بھر کے چیف جسٹس عدل و انصاف میں امام الاتقیہ مولا علیؑ کو مشعل راہ بنائیں، مولا علیؑ نے خلفائے ثلاثہ کے دور میں چیف جسٹس کے فرائض انجام دیئے، مسلمان شیعہ سنی تفریق کے بجائے عالمی، استعماری، طاغوتی، استبدادی قوتوں کے خلاف متحد ہوجائیں۔
علماء مشائخ و سیاسی زعماء نے مزید کہا کہ فلسطین و کشمیر کی آزادی کیلئے شجاعت و جذبہ حیدری کو بیدار کرنا ہوگا، مولا علیؑ کا یوم جشن ولادت ایمان کو جلا بخشتا ہے اور یزیدیوں کو مغموم و افسردہ کردیتا ہے، نبی کریمؐ نے حضرت ابوطالب کے انتقال کے بعد علی المرتضیؑ کو اپنی کفالت میں لیا اور اپنا بھائی قرار دیا، اہل بیت اطہارؑ اور صحابہؓ جز و ایمان اور رشد و ہدایت کے مینارہ نور ہیں، نشان حیدر کی متمنی پاک فوج خیبر کی طرح اسرائیل و ہندوستان کو فلسطین و کشمیر کی آزادی کیلئے عبرتناک شکست دے گی۔ سیمینار میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت روکنے، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے، فلسطینیوں کی ہر قسم کی امداد و نصرت کرنے کا پرزور مطالبہ کیا گیا اور فرقہ واریت، دہشت گردی و استعماری سازشوں کے خلاف وحدت امت و بیداری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ مولانا انتظارالحق تھانوی نے ملکی امن و سلامتی، شہدائے فلسطین و افواج پاکستان، پولیس، رینجرز کے شہداء کیلئے خصوصی دعا کرائی۔
سیمینار سے چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی، محاذ کراچی کے صدر شیخ الحدیث مفتی محمد داؤد، محاذ صوبہ سندھ کے چیئرمین علامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفور اشرفی، سندھ کے نائب صدر مولانا سید طاہر جمال تھانوی، پاکستان مسلم لیگ فنکشنل تاجر ونگ بولٹن مارکیٹ کے صدر مولانا جنید باڑی، مفتی وجیہہ الدین، علامہ نثار احمد قلندری، علامہ علی سرکار نقوی، علامہ زاہد حسین ہاشمی مشہدی، جمعیت علمائے پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی سمیت علامہ مفتی روشن دین الرشیدی، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، مولانا علی المرتضیٰ، مولانا حافظ گل نواز، مولانا مفتی اسد الحق چترالی، بشپ خادم بھٹو، ہندو مذہبی اسکالر منوج چوہان، سکھ رہنما مگن سنگھ و دیگر نے خطاب کیا جبکہ معروف نعت و منقبت خواں خواجہ پیر سید معاذ علی نظامی، حسین الدین شاہ رحمانی نے مولا علیؑ کی شان اقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔