ملتان، یوم انہدام جنت البقیع پر احتجاجی ماتمی ریلی نکالی جائیگی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملک بھر میں8 شوال کو یوم انہدام جنت البقیع منایاجائے گا، ملک کے دیگر حصوں کی طرح جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں آل سعود کی جانب سے جنت البقیع کو مسمار کرنے اور شام میں داعشی درندوں کی جانب سے حضرت عمر بن عبدالعزیز و خانوادے کی قبور کو شہید کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا ایک طبقہ مسلسل مزارات کی بے حرمتی میں مصروف ہے، داعشی فکر اورسوچ نے پاکستان میں داتا دربار، عبداللہ شاہ غازی، شہباز قلندر اور سخی سرور دربار پر حملے کیے ہیں۔ مزارات پر حملہ اور قبور کو شہید کرنا داعشی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شام میں صحابی رسول عمار یاسر، حجربن عدی، اویس قرنی اور دیگر کو شہید کرنے والے عناصر نے عمر بن عبدالعزیز کے مزار کو شہید کیا۔ عمر بن عبدالعزیز وہ واحد اُموی خلیفہ تھا جس نے اہلیبیت کو اُن کا حق واپس کیا، عمر بن عبدالعزیز کے مزار پر اہلیبیت کے بغض میں حملہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسے عناصر کو اسلام دشمن سمجھتے ہیں چاہے وہ شام میں عمر بن عبدلعزیز کے مزار کو شہید کرنے والے ہوں یا جنت البقیع میں موجود امہات المومنین، ازواج مطہرات، آئمہ اہلیبیت اور صحابہ کرام کے مزار کو شہید کرنے والے ہوں۔
علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ پاکستان میں ایک منظم سازش کے تحت فرقہ واریت کو ہوا دی جارہی ہے حکومت اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر حکومتی ایس او پیز کے تحت ملتان میں احتجاجی ماتمی ریلی گھنٹہ گھر چوک سے فوارہ چوک تک نکالی جائے گی۔