
مرتضی وہاب 173 ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہوگئے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پیپلز پارٹی کے مرتضی وہاب 173 ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہوگئے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن کو 160 ووٹ ملے۔ نتائج کے اعلان کے بعد پی پی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کے مابین شدید تصادم ہوا اور ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی کے لیے پیپلزپارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم کے درمیان ہوا جس میں مرتضیٰ وہاب کو 173 ووٹ ملے جب کہ حافظ نعیم کو 160 ووٹ ملے، اس طرح مرتضیٰ وہاب 13 اضافی ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہوگئے تاہم نتائج کا حتمی اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔
کراچی کے آرٹس کونسل آڈیٹوریم کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا جہاں تقریباً 33 منتخب افراد موجود تھے جب کہ 32 کے قریب ارکان نہیں پہنچے۔میئر کراچی کے لیے پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار مرتضیٰ وہاب کے لیے ووٹنگ مکمل ہوئی جس کے بعد جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کے لیے ووٹنگ کرائی گئی۔ میئر کراچی کی ووٹنگ کے لیے پی ٹی آئی کے 30 منحرف اراکین نے ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور وہ پولنگ اسٹیشن نہیں پہنچے۔
یہ خبر بھی پڑھیں رانا ثناءاللّٰہ کا آئندہ الیکشن کے بعد ن لیگی حکومت کے قیام کا دعویٰ
پی ٹی آئی کے فردوس شمیم سمیت تین ارکان کو بکتر بند گاڑی میں لایا گیا، اس دوران پولنگ اسٹیشن کے باہر پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنان جمع تھے، پولنگ اسٹیشن کے باہر دونوں جماعتوں کے کارکنان نے شدید نعرے بازی کی۔ میئر کراچی کے نتائج کے اعلان کے بعد ڈپٹی میئر کراچی کے لیے مقابلہ ہوگا جس میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سلمان عبداللہ مراد ہیں۔ میئر کے انتخاب کے بعد آرٹس کونسل کے باہر جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کے درمیان گھمسان کا تصادم ہوا، اس دوران پولیس پر بھی پتھراؤ کیا گیا۔
دریں اثناء امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ منتخب نمائندوں کے اغوا، ووٹوں کی خریداری، دھونس دھاندلی سے میئر کراچی کا الیکشن آئین و جمہوریت پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جمہوریت کو اس طرح مسلسل مذاق بنایا جائے گا تو اس پر لوگوں کا رہا سہا اعتماد بھی ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کی ملی بھگت بھی واضح ہے، بلدیاتی اور میئر الیکشن میں اس نے سندھ حکومت کے طفیلی ادارے کا کردار ادا کیا ہے۔
ادھر سابق صدر آصف علی زرداری نے مرتضٰی وہاب کو کراچی کا میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے سندھ میں تمام میئرز اور ڈپٹی میئرز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور ٹاؤن کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو بھی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کامیابی کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے، اپنے دفتروں کے دروازے عوام کیے لیے کھلے رکھیں۔ آصف علی زرداری نے میئرز ڈپٹی میئرز، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو ہدایت کی کہ آج ہی اپنا کام شروع کریں۔