
مسلم ممالک کا فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ
شیعہ نیوز: فرانسیسی صدر کی جانب سے توہین آمیز اقدامات کی حمایت پر عالمی سطح پر مسلمانوں میں غم و غصہ برقرار ہے اور فرانس کے صدر کی بڑے پیمانے پر مذمت کی جارہی ہے۔
شہاب خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مسلم ممالک میں فرانسیسی صدر میکرون کے بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ساتھ ہی مشرق وسطیٰ میں فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔
فرانسیسی صدر کے متنازعہ بیانات کے بعد بہت سے مسلمانوں اور بعض اسلامی ممالک نے فرانسیسی اشیا کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کویت کے بعد اب اردن کی مارکیٹوں سے بھی فرانسیسی مصنوعات کو ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ قطر نے بھی اعلان کیا ہے کہ سپر مارکیٹوں میں فرانسیسی مصنوعات کی لسٹ آویزاں کر دی جائیں گی۔
عالم اسلام میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم زور پکڑتی جارہی ہے۔ پاکستان، سعودی عرب، مصر سمیت متعدد مسلم ممالک میں عوام نے سپر اسٹورز سے فرانسیسی مصنوعات ہٹانے شروع کردیئے ہیں۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے اپنے عوام سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم (ص) کی حرمت کا تحفظ اور اسلاموفوبیا ہماری قومی سلامتی کا مسئلہ ہے اور ہم ان اقدامات کو فاشزم قرار دیتے ہیں۔
اردوغان نے کہا کہ فرانس پر اس وقت ایک ذہنی طور پر معذور شخص کی حکمرانی ہے جس نے دین اسلام کے خلاف بد کلامی اور بے حرمتی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
انھوں نے کہا کہ میری ترک عوام سے گزارش ہے کہ وہ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔
سوشل میڈیا پر بائیکاٹ فرنچ پروڈکٹش اور بائیکاٹ فرانس کے ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہے ہیں۔