11 فروری، مجلس وحدت مسلمین کامتنازع نصاب کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے یکساں قومی نصاب میں متنازع مواد کیخلاف 11 فروری کو یوم نصاب منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔ آئمہ جمعہ جماعت جمعہ کے خطبات میں متنازع نصاب کے پہلووں پر روشنی ڈالیں گے جبکہ اس حوالے سے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔
ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نےکہا ہے کہ کل بروز جمعہ ملک گیر سطح پر یوم احتجاج منا رہے ہیں، جس کا مقصد حکومت کو متنازع مواد کے حوالے سے متوجہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے نصاب کمیٹی میں موجود ہمارے علماء نے متنازع مواد کی نشاندہی بھی کی تھی، لیکن ہمارے تحفظات دُور نہیں کئے گئے، جس پر احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں یکساں قومی نصاب پر اہل تشیع کے اعتراضات
انہوں نے کہا کہ پوری ملت جعفریہ جمعہ کو پُرامن یوم احتجاج منائے گی، حکومت نے نصاب کے حوالے سے ہمارے تحفظات دور نہ کئے تو ہماری اعلیٰ قیادت اس حوالے سے نئے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نصاب کو غیر متنازع اور فرقہ واریت سے پاک ہونا چاہیئے، مگر جو نصاب نافذ کیا گیا ہے، اس میں اہلبیت اطہارؑ کے ابواب خارج کر دیئے گئے ہیں جبکہ واقعہ کربلا کو بھی نکال دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے علماء نے مفصل اعتراضات حکومت کو پیش کئے مگر ان پر عمل نہ کرکے حکومت نے اپنی ساکھ متاثر کر لی ہے۔