
ایم ڈبلیو ایم نے انتخابات کیلئے کوئٹہ میں امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ تقسیم کر دیئے
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین نے عام انتخابات کے لئے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے چاروں امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیئے۔ گزشتہ شب علمدار روڈ کوئٹہ میں واقع مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سکریٹریٹ میں انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ جس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیت اسد نقوی نے پی بی 42 کے امیدوار علامہ علی حسنین حسینی، پی بی 40 کے امیدوار سید عباس موسوی، این اے 263 کے امیدوار ارباب لیاقت علی ہزارہ اور این اے 262 کے امیدوار جعفر علی جعفری کو پارٹی ٹکٹ تقسیم کئے۔
اجلاس زیر صدارت ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کی، جبکہ مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی اور ممبر شوریٰ عالی کے رکن آغا رضا مہمنان خصوصی تھے۔ اس موقع پر صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، صوبائی جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی ذاکر حسین درانی، صوبائی صدر مجلس علماء مکتب اہلبیت علامہ ڈاکٹر محمد موسیٰ حسینی، ضلعی سیکرٹری سیاسیات حاجی غلام حسین اخلاقی، صوبائی و ضلعی شوریٰ بزرگان کے ارکان اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔