ایم ڈبلیو ایم نے قومی انتخابات کیلئے چاروں صوبوں سے امیدوار میدان میں اتار دئیے
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حالیہ انتخابات میں ملک بھر سے امید وار سامنے لانے کا عزم کیا۔ اسد نقوی نے کہا کہ سیاسی بصیرت اور حکمت عملی سے ملک کے تمام صوبوں سے امید وار میدان میں اتار دئیے ہیں،اگر انتخابات شفاف ہوئے تو فتح جمہوریت اور عوام کی ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار انتخابی نشان خیمہ سے حصہ لے رہے ہیں جبکہ 4 امیدوار پاکستان تحریک انصاف اور ایم ڈبلیو ایم کے مشترکہ امید وار ہوں گے۔
حتمی فہرست کے مطابق بھکر NA-92 سے سید ظہیر عباس نقوی، PP-186 اوکاڑہ سے گلزار حسنین، PP-18 راولپنڈی سے اسد عباس، سندھ کے علاقے NA-193 شکارپور سے علامہ مقصود علی ڈومکی، PS-103 کراچی سے اصغر حسین شہیدی، NA-37 پاراچنار سے انجینئر حمید حسین، PK-96 پاراچنار کرم سے سید نجات حسین، NA-262 بلوچستان سے جعفر علی، NA-263 کوئٹہ سے رباب لیاقت ہزارہ، PB-42 سے علامہ علی حسنین حسینی، PB-40 سید عباس موسوی امیدوار ہوں گے۔ اسد عباس نقوی کے مطابق ابھی سندھ کے کچھ حلقوں سے مزید امیدواروں کے حتمی نام سامنے آنے باقی ہیں۔