ایم ڈبلیو ایم نے نوجوانوں کی کردار سازی کیلئے بہترین پروگرام تشکیل دیئے ہیں، علامہ ظفر شمسی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ ظفر عباس شمسی نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک میں نوجوانوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان نے نوجوانوں کی کردار سازی کے لئے بہترین پروگرامز تشکیل دیئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ میں نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔ نوجوانوں کے وفد کی قیادت صوبائی میڈیا کونسل کے انچارج سید ارتضیٰ علی جعفری کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی نائب صدر علامہ ولایت حسین جعفری، صوبائی جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شاکر حسین درانی اور صوبائی آفس سیکرٹری سید عباس زیدی بھی موجود تھے۔
ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر نے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوانوں کے کردار کی اہمیت سے متعلق کہا کہ کسی بھی قوم و ملک کی کامیابی و ناکامی، فتح و شکست، ترقی و تنزل اور عروج و زوال کا انحصار نوجوانوں پر ہے۔ سیاسی انقلاب ہو یا اقتصادی، معاشرتی، سائنسی، اطلاعاتی و نشریاتی میدان ہو، سبھی میں نوجوانوں کا کردار نہایت ہی اہم اور کلیدی ہوتا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے نوجوانوں سے متعلق کہا کہ نوجوان جو چاہے کر سکتا ہے۔ جوانی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہر فرد کے لئے ایک بڑی نعمت ہے۔ نوجوان اگر صالح ہو تو اللہ تعالیٰ، رسول و آئمہ اطہار بھی تعریف کرتے ہیں، لیکن اگر یہ شر و فساد کا رسیا ہو جائے تو اللہ کا غضب نازل ہوتا ہے۔ علامہ ظفر عباس شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے نوجوانوں کی کردار سازی کے لئے بہترین پروگرام تشکیل دیئے ہیں۔ جن میں نوجوان شرکت کرکے استفادہ کرسکتے ہیں۔