پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

ایم ڈبلیو ایم فقط سیاسی جماعت نہیں، بلکہ فلاحی تنظیم ہے، علامہ علی حسنین

شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین نے بلا کسی تفریق رنگ و نسل کے قوم کی خدمت کی ہے۔ اتحاد بین المسلمین کے لئے ماضی میں بھی موثر کردار ادا کیا، آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ہم نے کبھی حکومت یا الیکشن کے لئے سیاست نہیں کی، اور نہ ہی عارضی مرتبوں کو اہمیت دیتے ہیں۔ بلکہ قوم و ملک کو بہتر بنتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم معاشرے کی بہتری کے لئے کوششوں کو اپنا فریضہ سمجھتے ہیں۔ ہمیں متحد ہوکر معاشرتی مسائل اور اقتصادی دشواریوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ایم ڈبلیو ایم کے تمام کارکنوں کو اپنا دست و بازو بنا کر اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے کابینہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری، ضلعی صدر ارباب لیات علی ہزارہ، حاجی غلام حسین اخلاقی، فرید احمد، محمد یونس اور دیگر کابینہ اراکین بھی موجود تھے۔

علامہ علی حسنین نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان فقط ایک سیاسی جماعت نہیں، بلکہ قوم کی آواز اور ایک فلاحی تنظیم بھی ہے۔ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ قوم کی خدمت میں پیش پیش رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کو ہر میدان میں کامیاب ہوکر قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ کوشش کریں گے کہ ہمارے توسط سے کارکنوں کو اعلیٰ تربیت اور بہترین تعلیم میسر ہوں۔ تاکہ ہم بطور سود مند تنظیم اپنی قوم کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام عہدیداران کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہے کہ وہ تمام کارکنوں تک ہمارا پیغام پہنچاتے ہوئے ہمارے مقاصد کی تکمیل کے لئے جدوجہد کریں۔ ضلعی کابینہ اراکین ہی ہمارے مقاصد کی تکمیل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں ہمارے ساتھ جو زیادتی ہوئی، اس سے دلبرداشتہ نہیں ہونگے۔ نگران حکومت اور الیکشن کمیشن نے جس نااہلی کا مظاہرہ کیا، اس کی بدولت انہوں نے قوم کا اعتماد کھو دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button