ایم ڈبلیو ایم معاشرے کے مظلوم اور محروم طبقات کی آواز ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی اور ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین معاشرے کے مظلوم اور محروم طبقات کی آواز ہیں۔ جس نے بدامنی، قتل و غارتگری اور اغواء انڈسٹری کے خلاف دیگر مکاتب فکر کو ساتھ ملا کر بھرپور جدوجہد کی۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے دونوں رہنماؤں نے تحصیل گڑھی یاسین کے دورے کے موقع پر میر مظہر علی کماریوں کی رہائشگاہ پر پارٹی کے ضلعی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم تحصیل گڑھی یاسین کے صدر سید نوید علی شاہ، جنرل سیکریٹری سعید احمد خروس، سابقہ تحصیل صدر مستنصر مہدی ابڑو اور دیگر کارکن بھی موجود تھے۔ اظہر خان کماریو کی رہائشگاہ پر ایم ڈبلیو ایم کے رہمناؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال اور انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے اس موقع پر کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مذہبی اور نسلی تعصبات سے پاک جماعت ہے، جو معاشرے کی اصلاح کے لئے مصروف عمل ہے۔ ہم معاشرے کے مظلوم اور محروم طبقات کی آواز ہیں۔ خدمت انسانیت کا جذبہ حب الوطنی اتحاد بین المسلمین ظالم سے نفرت اور مظلوم سے ہمدردی مجلس وحدت مسلمین کا طرہ امتیاز ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار نے کہا کہ شکار پور ضلع کی سیاست میں ہمارا موثر کردار ہے۔ ہم نے شکار پور ضلع میں بدامنی قتل و غارتگری اور اغواء انڈسٹری کے خلاف دیگر مکاتب فکر کو ساتھ ملا کر بھرپور جدوجہد کی۔ اس وقت بھی خان پور ٹاؤن کمیٹی مجلس وحدت مسلمین کے منتخب بلدیاتی نمائندوں پر مشتمل ہے۔ اس موقع پر مظہر علی خان کماریو نے ایم ڈبلیو ایم کی سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں بھرپور باہمی تعاون اور اشتراک عمل کا اظہار کیا۔