
کراچی، عید میلاد النبی پر ایم ڈبلیو ایم کے تحت سبیلوں کا اہتمام
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے شہر کے مختلف اضلاع میں عید میلادالنبی (ص) کے موقع پر استقبالیہ کیمپس اور سبیلوں کا اہتمام کیا۔
ملیر، کورنگی، بلدیہ، محمودآباد، فیڈرل بی ایریا سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کیمپس لگائے گئے جبکہ مرکزی کیمپ سولجر بازار میں لگایا گیا۔ مرکزی کیمپ پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل مولانا صادق جعفری، مولانا علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، سیکرٹری سیاسیات کراچی میر تقی ظفر اور ناصر حسینی سمیت شبیر حسینی، ظہیر حیدر، مدثر حسین، رضوان علی اور دیگر بھی موجود تھے۔
علامہ صادق جعفری کا کہنا تھا کہ امام خمینی (رض) کے فرمان پر 12 تا 17 ربیع الاول دنیا بھر میں ہفتہ وحدت منایا جاتا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے امام خمینی کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے جشن میلادالنبی حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپ اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا، جن سے شرکائے جلوس میلادالنبی (ص) کا والہانہ استقبال کیا گیا، پھول پتیاں نچھاور کی گئی جبکہ لگائی گئی سبیلوں سے چائے، شربت اور سوپ کے ذریعے شرکائے میلاد جلوس کی تواضع کی گئی۔