ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی میں ’’ غلامی نامنظور‘‘ کے تحت سیاسی اشتراک کا معاہدہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور تحریک انصاف کے درمیان قومی امور میں سیاسی اشتراک عمل کا معاہدہ طے پا گیا، دونوں جماعتوں کا "غلامی نا منظور” کا نعرہ زندہ رکھنے اور پاکستانی سرزمین پر کسی ملک کے اڈے قائم نہ کرنے پر اتفاق۔آزاد خارجہ پالیسی کے بیانیے سے کسی طور روگردانی نہیں کی جائے گی، معاہدے پر چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اورچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دستخط کر دئیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین عمران خان اور علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے درمیان اعلیٰ سطح وفود کے ہمراہ ملاقات اسلام آباد میں ہوئی ، ملاقات میں دونوں جماعتوں کے قائدین نے قومی امور میںسیاسی اشتراک عمل کے جامع معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔
دونوں جماعتوں کے درمیان طے شدہ معاہدے کے بنیادی اصولوں کے مطابق وطن عزیز پاکستان کی داخلی وحدت ، سلامتی اور استحکام کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا، اسلامی اقدارکا تحفظ ، تحریک پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کی حفاظت اور سیاسی ، اقتصادی اور دفاعی خود انحصاری کے حصول کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔
یہ خبر بھی پڑھیں پاکستانی عوام اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کی کوششوں کا منہ توڑ جواب دے گی
اسرائیل کے حوالے سے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی دی ہوئی گائیڈ لائن سے کسی قسم کی روگردانی نہیں کی جائےگی اور کشمیر وفلسطین کے موضوع پر اپنے اخلاقی قانونی نقطہ نظر سے کسی قسم کا انحراف نہیں کیا جائےگا۔
پاکستان دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہاں ہے ، مسلم ممالک کے ساتھ اتحاد وحدت کو خصوصی حیثیت حاصل ہوگی، ملکی معاملات میں غیر ملکی مداخلت کو روکنا خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہوگا۔
مسلم ممالک کے باہمی تنازعات میں مذاکرات کے ذریعے راہ حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی اور ان تنازعات میں فریق نہیں بنا جائے گا، دوست پڑوسی ممالک سے تعلقات کو خصوصی حیثیت حاصل ہوگی۔
گلگت بلتستان کو مکمل آئینی صوبہ بنایا جائے گا۔
وطن عزیز پاکستان میں ظلم کے خاتمے اور انصاف کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے گی، پسماندہ اور استحصال شدہ طبقے کی بحالی اولین ترجیح ہوگی۔
ہمیں غلامی قبول نہیں ، پاکستانی سرزمین کسی بھی ملک کو فوجی اڈوں کیلئے نہیں دی جائے گی، پاکستان کے فیصلے اسلام آباد میں ہی ہوں گے، آزاد خارجہ پالیسی اور داخلی خودمختاری ہمارے بنیادی اصولوں میں سے ہے اور اس بیانئے سے کسی طرح بھی رو گردانی نہیں کی جائے گی۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے اس معاہدے کو خوش آئند اور باوقار پاکستان کے لیے اہم دستاویز قرار دیا۔اس ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، سابق وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، ایم ڈبلیوایم کی جانب سے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی جنرل سیکریٹری ناصرشیرازی، مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری اسدعباس نقوی، مرکزی سیکریٹری امپلائزونگ ملک اقرار حسین ،محسن شہریار و دیگر موجود تھے۔