ایم ڈبلیوایم کی تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کو شہید حسن نصراللہ کے چہلم میں شرکت کی دعوت
شہید اسماعیل ہانیہ،حسن نصر اللہ، یحییٰ سنوار،ہاشم صفی الدین سمیت دیگر بے گناہ معصوموں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کراچی ڈویژن کے وفد کی رہنما علامہ مختار امامی کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماوں سے ملاقاتیں کی۔9 نومبر نشتر پارک میں ہونے والے شہید حسن نصر اللہ و شہدائے فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے مرکزی اجتماع شرکت کی دعوت دی۔وفد میں علامہ حیات عباس،علامہ مبشر حسن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
رہنماوں کا پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی سے ان کے گھر پر اورنائب امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز سے ادارہ نور حق میں اپنی ملاقاتوں میں کہنا تھا کہ 9نومبر کو نشترپارک میں شہداء کی یاد میں تاریخی تعزیتی اجتماع ہوگا شہید حسن نصر اللہ خطہ میں مظلوموں کی طاقتور آواز تھے۔حسن نصر اللہ کی تمام زندگی خطہ میں عالمی استعمار کے خلاف مقاومت میں گزری۔شہید اسماعیل ہانیہ،حسن نصر اللہ، یحییٰ سنوار،ہاشم صفی الدین سمیت دیگر بے گناہ معصوموں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
رہنماوں کا کہنا تھا کہ گریٹر اسرائیل صہیونیوں کے لئے اب خواب ہی بن جائے گا۔اسرائیل اپنے زوال کے آخری دن گن رہا ہے۔حزب اللہ و حماس خطہ میں مسلم اتحاد کا مظہر ہیں اور استعماری قوتوں کے خلاف عظیم جہاد کر رہی ہیں۔ایران نے اسرائیل پر حملہ کر کے ناقابل تسخیر صہیونی خود ساختہ پروپیگنڈہ ختم کیا۔اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے فلسطین صرف فلسطینیوں کی سر زمین ہے رہنماوں کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کی یکجہتی سے غاصب اسرائیک کو شکست دی جاسکتی ہے۔ مسلم ممالک اسرائیل کا بائیکاٹ کر دیں تو اس کو وجود ختم ہو جائے۔
ملاقاتوں میں دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ہونے والے شہداء کے مشترکہ مرکزی چہلم تعزیتی اجتماع کی حمایت اور اپنی بھرپور جماعتی شرکت کی یقین دہانی کرائی۔