مجلس وحدت مسلمین قائد شہید علامہ عارف حسینی کے مشن کی محافظ جماعت ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کے مشن کی محافظ جماعت ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کی مضبوطی سے ملت جعفریہ کے حقوق کی بہتر انداز سے حفاظت ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود ڈومکی نے نوشہرو فیروز میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی ضلع نوشہرو فیروز کے شہر کنڈیارو پہنچے۔ جہاں سابقہ ضلعی صدر برادر اسد حسینی نے کارکنوں کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مسجد و امام بارگاہ امام حسن ؑ میں مومنین کرام اور مکتب کے طلباء و طالبات کو درس دیا اور یتیم و مستحق بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ قرآن کریم کتاب ہدایت ہے اور قرآن کریم کے قصے تاریخی حقائق بیان کرنے کے ساتھ ساتھ ہدایت انسانی کا باعث ہے۔ قرآن کریم نے انبیاء کرام علیہم السلام کے قصے بیان کئے، جن کا پاکیزہ اور بے عیب کردار بشریت کے لئے نمونہ عمل ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں الحمد للہ، علامہ ناظر عباس تقوی بحفاظت پاکستان پہنچ گئے
انہوں نے کہا کہ قرآن کریم اور آئمہ ھدیٰ علیہم السلام کے قصے تبلیغ دین کا اہم ترین ذریعہ ہیں۔ مبلغین دین کو بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے قصوں کو بیان کرنا چاہیے۔ جو بچوں سمیت ہر عمر کے انسان کی دلچسپی کا باعث ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر طلباء و طالبات کے حضرت آدم علیہ السلام اور ابلیس، حضرت ہابیل علیہ السلام اور قابیل کا قصہ اور اس قصے میں موجود اہم نکات کو بیان کیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے اس موقع پر تنظیمی احباب سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں تاکید کی کہ مجلس وحدت مسلمین نظریہ ولایت و امامت کی علمبردار جماعت اور شجرہ طیبہ ہے۔ مجلس وحدت مسلمین قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کے مشن کی محافظ جماعت ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کی مضبوطی سے ملت جعفریہ کے حقوق کی بہتر انداز سے حفاظت ممکن ہے۔