ایم ڈبلیو ایم اقتدار میں آکر نوجوانوں کے روزگار کا اہتمام کریگی، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی اور حلقہ این اے 193 سے امیدوار علامہ مقصود علی ڈومکی ایم ڈبلیو ایم اقتدار میں آکر نوجوانوں کے روزگار کا اہتمام کرے گی اور شکار پور سے بدامنی، قبائلی جھگڑوں اور ڈاکو انڈسٹری کا خاتمہ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم اصغر علی سیٹھار امیدوار پی ایس 7 شکار پور و دیگر تنظیمی رہنماؤں کے ہمراہ چک شہر کے دورے کے موقع پر مسجد میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جامع مسجد صاحب الزمان چک میں خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ قرآن کریم خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا زندہ معجزہ ہے۔ جو تا قیامت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نبوت و رسالت کا گواہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نسل کوثر نے ہر دور میں خدا کے دین کی بقاء اور سربلندی کے لئے قربانیاں دیں۔ آج بھی یمن، عراق، ایران، لبنان سمیت دنیا بھر میں نسل کوثر ہی یزید وقت امریکہ اور اسرائیل کے مقابلے میں صبر و استقامت کی عملی تصویر بنی ہوئی ہے۔ یمن کے حوثی مجاہدین نے قبلہ اول مسجد اقصیٰ اور مظلوم فلسطینی عوام کے لئے جس ایثار کا مظاہرہ کیا، وہ لائق صد تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان فلسطین اور یمن کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یمن کے بہادر مسلمانوں پر امت مسلمہ کو ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی قبائلی جھگڑوں اور اغواء برائے تاوان کے باعث شکار پور کے عوام کا جینا مشکل بنا دیا گیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین اقتدار میں آکر نوجوانوں کے روزگار کا اہتمام کرے گی اور شکار پور سے بدامنی، قبائلی جھگڑوں اور ڈاکو انڈسٹری کا خاتمہ کرے گی۔