آج اقوام امام زمانہ عج کیلئے تیار ہورہی ہیں، علامہ مبشر حسن
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آج قومیں امام زمانہ عج کے لئے تیار ہورہی ہیں۔ امامؑ جب تشریف لائیں گے تب تیاری کا وقت نہیں ہوگا بلکہ وہ جو حکم دیں گے اس پر ہم سب کو عمل کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے پولیٹیکل سیکریٹری علامہ مبشر حسن نے مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
دعا کمیٹی و صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے زیر اہتمام ہفتہ وار مرکزی اجتماعی دعائے توسل و مجلس ترحیم شہید علامہ تقی ہادی شہدائے ملت جعفریہ پاکستان، مرحوم ثاقب اکبر نقوی، مرحوم مشہد علی زیدی، والدہ مرحومہ مولانا اظہر حسین نقوی، یعقوب حسینی، کل مرحومین و مسلّمات، سانحہ کوہستان گلگت کے ایصال ثواب کیلئے محفل شاہ خراسان روڈ پر منعقد ہوئی، جس میں تلاوت دعا کی سعادت مولانا ریاض حسین نے حاصل کی۔ اس موقع پر مولانا اظہر حسین نقوی، نوشاد علی، بوتراب اسکاؤٹ کے محمد ضامن، ناصر حسینی، حسین موسیٰ، علی عباس، عامر کاظمی، آغا سجاد، اقبال کاظمی اور مومنین و مومنات نے شرکت کی جبکہ سلام حسنین عباس نے پیش کیا اور نوحہ خوانی حسین موسیٰ نے کی۔
یہ خبر بھی پڑھیں مسلمان آیت اللہ خامنہ ای، آیت اللہ سیستانی اور حسن نصراللہ کی فکر پر متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کریں، علامہ شہنشاہ نقوی
مجلس ترحیم سے علامہ مبشر حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام زمانہؑ کی آمد سے قبل ان کے لئے تیاری کرنے کی ضرورت ہے، امامؑ جب تشریف لائیں گے، تب تیاری کا وقت نہیں ہوگا، بلکہ وہ جو حکم دیں گے اس پر ہم سب کو عمل کرنا ہوگا، ضرورت اس بات کی ہے کہ غیبت امام زمانہؑ کے دوران اپنے آپ کو تیار کریں۔
انہوں نے کہا کہ آج قومیں امام زمانہؑ کے لئے تیار ہورہی ہیں، انقلاب اسلامی کی کامیابی کے ثمرات پوری دنیا میں تیزی سے نمودار ہوئے ہیں، پاکستان میں بھی امام زمانہؑ کے نام لینے والے بہت سے افراد ہیں، امامؑ کو انصار کی ضرورت ہوگی۔ اس موقع پر کل مرحومین اور شہدائے ملت جعفریہ پاکستان کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، دعا کے اختتام پر تبرک تقسیم کیا گیا۔