دنیا
عیار نیتن یاہو فلاڈیلفیا کے بارے جھوٹ بول رہا ہے، سابق سربراہ شاباک
شیعہ نیوز: غاصب اسرائیلی رژیم کی اندرونی سلامتی کی ایجنسی (شاباک) کے سابق سربراہ نداو ارگمان نے صیہونی چینل 12 کو انٹرویو دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ فلاڈیلفیا ایکسس سے غزہ تک ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے بارے نیتن یاہو کا دعوی "سفید جھوٹ” ہے۔ سال 2016ء سے 2021ء تک شاباک کا سربراہ رہنے والے نداو ارگمان نے اس بارے نیا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس موجود معلومات کے مطابق ان سرنگوں (فلاڈیلفیا روڈ) کے ذریعے بہت ہی کم مقدار میں اسلحہ غزہ کی پٹی میں داخل ہوا ہے اور غزہ کی پٹی تک اسلحے کی اسمگلنگ کی زیادہ تر سرگرمیاں رفح بارڈر کے ذریعے انجام پاتی تھیں۔۔ ہم یہ واضح طور پر جانتے ہیں! نداو ارگمان نے کہا کہ جب نیتن یاہو فلاڈیلفیا کوریڈور میں موجود رہنے کی بات کرتا ہے تو وہ اچھی طرح سے جانتا ہے کہ فلاڈیلفیا کوریڈور کے ذریعے کوئی سمگلنگ نہیں ہوئی لہذا اب ہم اس نئی "سوچ” کے ساتھ زندگی گزاریں گے کہ اسرائیل کے لئے سب سے زیادہ اہم چیز "فلاڈیلفیا کوریڈور” ہے!
شاباک کے سابق سربراہ نے کہا کہ نیتن یاہو ایک ظالم، بدبین اور عیار شخص ہے کہ جو کسی بھی صورت معاہدے کو روکنے کے لئے فلاڈیلفیا کے جھوٹ سے پورے ملک کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ غزہ میں مصر سے ہتھیاروں کی آمد کے بہانے، غاصب صیہونی وزیراعظم کا فلاڈیلفیا ایکسس پر قبضہ جاری رکھنے پر اصرار ہے اور یہ امر ہی تاحال جنگبندی کے مذاکرات کی ناکامی کی بڑی وجہ بنا ہوا ہے۔