اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

کوئی بھی دشمن پاکستان ایران تعلقات کو کمزور نہیں کر سکتا

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے وزارتِ مذہبی امور میں مجمع جہانی تقریب مذاہب اسلامی کے جنرل سیکرٹری آیت اللہ حمید شہریاری کی سربراہی میں آنے والےوفد سے ملاقات میں کہا کہ کوئی بھی دشمن پاک ایران رشتوں کی مضبوطی و پختگی کو کمزور نہیں کر سکتا۔

وفد میں ایرانی مجلس خبرگان کے رکن اور معروف اہل سنت عالم دین مولوی نذیر احمد سلامی، ایرانی سفیر جناب سید محمد علی حسینی اور ایرانی کلچرل کونسلر احسن خزاعی شامل تھے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی وفد کی وزارتِ مذہبی امور آمد پر پیر نور الحق قادری نے پرجوش خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ علماء کے قدم ہمیشہ باعث خیر و برکت ہوتے ہیں ۔ پاکستان کا ایران سے دینی ، ثقافتی، تاریخی، دل اور روح کا رشتہ ہے۔ ہمارا کوئی بھی دشمن پاک ایران رشتوں کی مضبوطی و پختگی کو کمزور نہیں کر سکتا۔ تصوف کی اہم کتب اور تمام استعارے فارسی زبان میں ہیں۔ فارسی زبان کے فروغ سے دونوں ملکوں کے مابین دینی، روحانی اور علاقائی تعلق کو مزید فروغ ملے گا۔ پاکستان، ایران، تاجکستان اور افغانستان کی نزدیکی کیلئے فارسی زبان کا فروغ ناگزیر ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں شہید قائد سرزمین پاکستان پر اتحاد بین المسلمین کے علمبردار ہیں

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلکی تنازعات کو فروغ دینے والے عناصر کے جھوٹے پراپیگنڈہ بے نقاب کر نے کی ضرورت ہے۔ ہمیں بڑے تنازعات کو ختم اور معمولی تنازعات کو کم سے کم کرنا چاہئے۔ ہمارے ماخذ اور مراجع قرآن و سنت ہیں۔ ہم آہنگی کا واحد راستہ مکالمہ اور دوسرے کی بات کو سمجھنا ہے۔ ایران، عراق اور شام کی زیارات کو آسان بنانے کیلئے ایک ڈائریکٹوریٹ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ پاکستان اور ایران کا عالمی سیاسی معاملات میں یکساں موقف رہا ہے۔ کشمیر پر بھارتی جبر کے خلاف ترکی اور ایران نے واضح اور قابلِ تقلید موقف اپنایا ۔

آیت اللہ حمید شہریاری نے کہا کہ فارسی بر صغیر کی مشترکہ زبان رہی ہے۔ اقبال ِ لاہوری کا بیشتر شعری ذخیرہ فارسی میں ہے۔ سب سے پہلے ایران نے پاکستان کو تسلیم کیا۔ ہم ہر مشکل وقت میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امہ مسلمہ ایک درخت کی مانند ہے، ہم نے جڑوں کو چھوڑ کر شاخوں پر توجہ دی ہوئی ہے۔ مسائل کی بڑی وجہ امت مسلمہ کا اتحاد نہ ہونا ہے۔ دین کے مختلف مسالک اور فقہی رنگ زحمت نہیں بلکہ بہتری کیلئے اور باعث رحمت ہیں ۔ دین سمجھنے کیلئے سب کے اجتہاد مختلف ہو سکتے ہیں تاہم سب بین المسالک ہم آہنگی کے داعی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ اب ہم مسلکی کشمکش کو چھوڑ کر عالم اسلام کیلئے سوچ رہے ہیں۔ جزوی اختلافات اپنی جگہ مگر اس کے باعث بڑے اختلافات نہیں ہونے چاہئیں۔ ہمیں اجتماعی مسائل پر متحد رہنا اور اختلافی مسائل کو کم سے کم رکھنا ہو گا۔ اپنا مذہب چھوڑیں نہیں اور کسی کے مذہب کو چھیڑیں نہیں۔ عالم اسلام عالمی طاقتوں کا تختہ مشق بنا ہوا ہے۔ ہمیں طویل عرصہ سے فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل میں پھنسایا ہوا ہے ۔

آیت اللہ حمید شہریاری نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کو ربیع الاول میں سالانہ عالمی وحدت اسلامی کانفرنس میں شرکت کیلئے دورہ ایران کی دعوت دی۔

یہ خبر بھی پڑھیں پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد کیلئےمجلس وحدت کی کوششیں حوصلہ افزا ہیں

ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا کہ لاہور ، کراچی سے مشہد کی براہ راست پروازیں یکم جنوری سے شروع ہو رہی ہیں۔ مشہد اور نجف کے مابین پروازوں کی کوڈ شیئرنگ کیلئے پی آئی اے چیئرمین سے ملاقات کر رہے ہیں ۔ دونوں ملکوں کے مابین مذہبی و روائتی سیاحت کے فروغ پر کام کر رہے ہیں۔ فارسی زبان کی ترویج کیلئے وزیر مذہبی امور کے خیالات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاک ایران ثقافتی معاہدے کے تحت طلباء و اساتذہ کے تبادلہ پر کام کیا جائےگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button