اہم پاکستانی خبریں

کوئی بیرونی دباؤ قبول نہیں، بھارت کو جواب دینے کیلئے 200 فیصد تیار ہیں، وزیر دفاع

شیعہ نیوز:
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کوئی بیرونی دباؤ قبول نہیں کرے گا، قوم مطمئن رہے، جواب دینے کے لیے 200 فیصد تیار ہیں، پاکستان اپنی جوابی کارروائی میں بھارت کے سویلینز کو نشانہ نہیں بنائے گا، ہم صرف فوجی تنصیبات پر حملے کریں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی میڈیا میں جھوٹ کا سیلاب آیا ہوا ہے، بھارت نے جس طرح ذلت اٹھائی، انہوں نے اپنے عوام کو مطمئن کرنا ہے، بھارت اپنے عوام کو یہ تو نہیں بتائے گا کہ سب جگہ ہمیں مار پڑ رہی ہے۔
’اسرائیل اور بھارت کا اتحاد فطری ہے، دونوں اسلام مخالف ہیں‘

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کا اتحاد فطری ہے، دونوں اسلام مخالف ہیں، ان کی اسلام دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ دوست ملک کھل کرپاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ترکیہ اور آذربائیجان نے کھل کر پاکستان کی حمایت کی ہے، بھارت کے قریب ترین حلیف بھی اس کاساتھ نہیں دے رہے، پاک فوج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور سرحد پر دشمن کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی بھرپور جوابی کارروائی اس وقت بھی جاری ہے، ہم اس قت دنیا کے تمام ضروری ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں، خلیجی ممالک کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر رابطے میں ہیں، نائب وزیراعظم کا سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر رابطہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سفارتی کوششوں کو مزید تیز کر کے مؤثر بنانے کی ضرورت ہے، اب تک ایک سے دو ممالک نے ہلکی پھلکی حمایت کی ہے، ہمارے دوست بالکل صراحت کے ساتھ اس وقت پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اسرائیل کا بھارت کے ساتھ کھڑا ہونا فطری عمل ہے، ان دونوں ممالک کی اسلام دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔
’ڈرون حملے ہماری لوکیشنز لینے کیلئے کیے گئے‘

انہوں نے کہا کہ مدارس اور اس کے طلبہ ہماری ثانوی دفاعی لائن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کل سے شروع کیے گئے ڈرون حملے ہماری اہم لوکیشنز لینے کے لیے کیے گئے تھے، ڈرون حملوں کو انٹرسیپٹ اس لیے نہیں کیا گیا تاکہ ہماری لوکیشنز ٹریس نہ ہوں، جب ڈرونز مناسب فاصلے پر آئے تو انہیں مار گرایا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اب بھی جوابی کارروائی رات دن جاری ہے، اس وقت ہماری افواج بہترین پوزیشن میں ہیں، پاکستانی افواج بہادری سے ملک کا دفاع کر رہی ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم مادر وطن کے دفاع کے لیے کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول نہیں کریں گے، قوم مطمئن رہے، ہم اپنے دفاع کے لیے 200 فیصد تیار ہیں، پاکستان اپنی مرضی کے وقت پر جواب دے گا، تاہم بھارتی شہریوں کو نشانہ نہیں بنائیں گے، فوجی تنصیبات ہمارا ہدف ہوں گی۔
سفید جھنڈے ایسے ہی نہیں لہرائے جاتے، بھارت نے اپنے فوجیوں کی لاشیں اٹھائی ہیں، وفاقی وزیر قانون

وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاک فوج کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ جتنا چاہے جواب دے، ہمارے جوانوں نے اپنے معصوم شہریوں کی شہادت کا بدلہ ان کے فوجی ٹھوک کے دیا ہے، سفید جھنڈے ایسے ہی نہیں لہرائے جاتے،انہوں نے اپنے فوجیوں کی لاشیں اٹھائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی کا غرور خاک میں ملا دیا گیا ہے، پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے اقوام عالم کے سامنے اپنا مقدمہ رکھا، پاکستان نے دنیا کو بتایا کہ ہم دہشتگردی کا شکار ہیں، دہشتگردی کے تانے بانےہم سے نہیں ملتے۔

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ہم نے آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی جسے اقوام متحدہ سے سیکرٹری جنرل نے بھی سراہا، دنیا نے اس معاملے میں ہمارے موقف کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ گجرات کا قصائی اگر کہے کہ سرحد پار سے دہشتگردی ہوئی ہے تو اس سے بڑا جھوٹ نہیں ہوسکتا، بھارت کے انشاء اللہ ٹکڑے ہوں گے، اورمودی ہی کے ہاتھوں ہوں گے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button