غاصب اسرائیلی وزیر دفاع کی لبنان کو جنگ کی دھمکی
شیعہ نیوز:غاصب اسرائیلی وزیر دفاع بنی گانٹز نے2000ء اور 2006ء میں لبنانی مزاحمت و مقاومت کے مقابلے میں بدترین شکست کھانے کے باوجود لبنان کو دوبارہ فوجی حملوں کی دھمکی دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، غاصب صہیونی وزیر دفاع نے ایک خطاب میں اس بات پر زور دے کر کہا کہ اگر ہم سے لبنان میں فوجی آپریشن کرنے کا کہا جائے تو یقیناً یہ آپریشن مضبوط طریقے سے ہوگا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم حزب اللہ اور لبنانی حکومت کو بھاری نقصان پہنچائیں گے۔
غاصب اسرائیلی وزیر دفاع کی لبنانی حکومت اور مزاحمت کے خلاف جنگ کی دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حزب اللہ 2000ء میں صہیونیت کے ناقابل تسخیر ہونے کے افسانے کو توڑنے اور خطے کے دیگر ممالک میں تل ابیب پر پے در پے شکستوں کو مسلط کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔
غاصب اسرائیلی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم جنگ کے لئے تیار ہیں اور ضرورت پڑنے پر بیروت اور صیدا بھی جائیں گے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ غاصب اسرائیلی وزیر دفاع کا جنگی جنون ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب بہت سے صہیونی سیاسی سوجھ بوجھ رکھنے اور اس غاصب حکومت کے اعلیٰ کمانڈروں نے لبنانی مزاحمت و مقاومت کی بڑھتی ہوئی میزائل طاقت اور اثر و رسوخ کا اعتراف کیا ہے۔