آپریشن وعدہ صادق نے مغربی ایشیا میں طاقت کے توازن کی نئی تعریف پیش کی ہے، عبداللہیان
شیعہ نیوز: ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اسرائيلی حکومت کے خلاف ایران کی مسلح افواج کے کامیاب آپریشن وعدہ صادق کی قدردانی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایران کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف سید عبدالرحیم موسوی کے نام پیغام میں کہا ہے کہ اس قابل قدر اور پیچیدہ فوجی آپریشن نے مغربی ایشیا میں اسلام اور ایران کے دیرینہ دشمنوں کو ہماری مسلح افواج کی دفاعی توانائی دکھا دی اور مغربی ایشیا میں طاقت کے توازن کی نئی تعریف پیش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل نے کوئی غلطی کی تو ہمارے ہولناک اقدام کا سامنا کرنا پڑے گا، صدر رئیسی
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ” کامیاب آپریشن وعدہ صادق نے ملک کے عوام کے اندر قومی افتخار کے احساس کے ساتھ ہی بین الاقوامی اورعلاقائی تعلقات کے میدان میں سفارت کاری کی گنجائشیں بڑھادیں اور ایران اسلامی کے دیرینہ دشمنوں کے مقابلے میں اسٹریٹیجک دفاع کی تقویت کے ساتھ جعلی صیہونی حکومت کے زوال کی رفتار بڑھادی ہے۔
یاد رہے کہ سنیچر اور اتوار( 13 اور 14 اپریل ) کی درمیانی رات نصف شب کے بعد سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان جاری کرکے مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے ٹھکانوں پر دسیوں ڈرون طیاروں اور میزائلوں سے حملے کی خبر دی تھی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں کہا کہ دمشق میں ایرانی کونسلیٹ کی عمارت پر صیہونی حکومت کے حالیہ حملے سمیت جس میں شام میں فوجی مشیر شہید ہوگئے، اس کے متعدد جرائم کے جواب میں، ایران کی ایرواسپیس فورس نے مقبوضہ فلسطین کے اندر معینہ اہداف پر دسیوں ڈرون طیاروں اور میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔
اس جوابی حملے میں ایران سے فائر کئے جانے والے کروز اور بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون طیاروں کی قابل ملاحظہ تعداد نے صیہونی حکومت کے فوجی مراکز کو نشانہ بنایا۔
ایران نے صیہونی حکومت کو سزا دینے کے لئے انجام پانے والے اس جوابی حملے کے بعد امریکا اور اسرائيل دونوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر آئندہ کوئی جارحیت کی تو جوابی حملہ اس سے کہیں زیادہ محکم اور وسیع ہوگا۔