کراچی، ناصران امام فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 34ویں برسی امام خمینیؒ کی مناسبت سے مجلس عزا کا انعقاد
شیعہ نیوز:شہر قائد میں ناصران امام فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 34ویں برسی امام خمینیؒ کی مناسبت سے مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ کی 34ویں برسی کی مناسبت سے پاکستان میں بھی تعزیتی اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں ناصران امام فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام برسی امام خمینیؒ کی مناسبت سے بھوجانی ہال سولجر بازار میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔ مجلس عزا میں تلاوت قرآن کریم و حدیث کساء، سوز خوانی و سلام کے بعد مولانا اصغر حسین شہیدی نے خطاب کیا۔ مجلس عزا میں بڑی تعداد میں عاشقان امام خمینیؒ نے شرکت کی۔ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اصغر حسین شہیدی نے کہا کہ برسی امام خمینیؒ منانے کا مقصد یہ ہے کہ ان کے اہداف، مقاصد، انکے افکار کو سمجھا جائے، فکری و ذہنی غلامی کی زنجیروں کو توڑیں۔
مولانا اصغر حسین شہیدی نے کہا کہ امام خمینیؒ نے معاشرے کو جمود اور ٹہراؤ سے نکالا، تعلیمات قرآن و سیرت حضرت محمدؐ و آل محمدؐ کو معاشرے میں عملی طور پر نافذ کیا۔ مولانا اصغر شہیدی نے مزید کہا کہ امام خمینیؒ کے افکار کو یاد کرنے کا مقصد ہے کہ نہضت کربلا کو یاد کریں، امام خمینیؒ نے فرمایا کہ ہمارے پاس جو کچھ بھی ہے وہ محرم و صفر کی وجہ سے ہے، روح، و جذبہ، حمیت و شجاعت، بصیرت و حق طلبی نہضت کربلا، تحریک کربلا، واقعہ کربلا سے ملتی ہے۔ مجلس عزا کے آخر میں معروف نوحہ خواں علی دیپ رضوی نے نوحہ خوانی کی۔