تکفیری خوارج کے ہاتھوں شہید پاک فوج کے جوان آبائی علاقوں میں سپرد خاک
آئی ایس پی آر کے مطابق 36 سالہ نائیک آزاد اللہ شہید ساکن ضلع کرک اور 35 سالہ لانس نائیک غضنفر عباس ساکن ضلع لیہ کو ان کے آبائی علاقے میں سپردخاک کیا گیا۔
شیعہ نیوز : خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تکفیری خوارج کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے میجر اور 2 اہلکاروں کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے بکاخیل میں خوارج کے خلاف دوران آپریشن بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 31 سالہ میجر عاطف خلیل شہید ساکن ضلع سدھنوتی آزاد کشمیر میں سپرد خاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 36 سالہ نائیک آزاد اللہ شہید ساکن ضلع کرک اور 35 سالہ لانس نائیک غضنفر عباس ساکن ضلع لیہ کو ان کے آبائی علاقے میں سپردخاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر عاطف خلیل شہید کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر راولپنڈی اور کور کمانڈر پشاور نے شرکت کی، دیگر شہدا کی نماز جنازہ اور تدفین میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، پاک فوج کے جوانوں، شہدا کے لواحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں بتایا کہ عسکری و سول حکام نے کہا کہ ہمارا عزم و حوصلہ بلند ہے اور شہدا کی یہ عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہماری طاقت ہیں۔