اہم پاکستانی خبریں

پاکستان عوامی تحریک کا مطالبات کی منطوری کیلئے ملک گیر احتجاج کا اعلان

شیعہ نیوز:پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی اور سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے حوالے سے گفتگو کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 7 سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف کے لئے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ 17 جون کو پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں احتجاج ہوگا۔ ہم قانونی جدوجہد کر رہے ہیں، جس کا کوئی نتیجہ نکلتا دکھائی نہیں دے رہا۔ ہمیں زبردستی احتجاج کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے چودھری سرور کو 17 جون کو لاہور میں ہونے والے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ آپ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے انصاف کے لئے ہمیشہ آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ آپ 17 جون کو شہدائے ماڈل ٹاﺅن کی 7ویں برسی کے موقع پر ورثاء کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔

خرم نواز گنڈاپور نے قانونی رکاوٹوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فلور پر اتفاق رائے کے ساتھ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی غیر جانبدار تفتیش کے لئے جو جے آئی ٹی بنائی گئی تھی، اس جے آئی ٹی نے اپنا کام مکمل کر لیا تھا۔ عین رپورٹ مرتب کرنے کے مرحلہ پر اُسے کام کرنے سے روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سوال ہے کہ غیر جانبدار تفتیش کیوں نہیں ہونے دی جا رہی۔ غیر جانبدار تفتیش سے ہی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہماری دوسری شکایت اور تکلیف یہ ہے کہ پنجاب کے مختلف تھانوں میں ہمارے کارکنوں کے خلاف نواز شریف اور شہباز شریف کے حکم پر جھوٹی ایف آئی آر درج ہوئی تھیں۔ وہ ایف آئی آرز بدستور قائم ہیں۔ سب جانتے ہیں نواز شریف، شہباز شریف نے عوامی تحریک کے رہنماﺅں اور کارکنوں کو اپنے روایتی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔ بارہا اس طرف توجہ مبذول کروائی گئی لیکن یہ ایف آئی آرز ختم نہیں کی جا رہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن پاکستان کی تاریخ کا ایک افسوسناک سانحہ ہے، یہ ظلم ہے۔ میں کل بھی انصاف کے لئے ورثاء کے ساتھ تھا، میں آج بھی انصاف کی ایک مضبوط آواز ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے بغیر کوئی ملک اور معاشرہ باوقار نہیں ہوسکتا۔ ہمیں اپنے انصاف، تفتیش اور پراسیکیوشن کے ادارے کو اتنا مضبوط بنانا ہے کہ کمزور طاقتور کے مقابلے میں ناانصافی کا شکار نہ ہو۔ گورنر پنجاب نے وعدہ کیا کہ وہ انصاف کی فراہمی کے حوالے سے جو قانونی کردار ادا کرسکے، ضرور کریں گے۔ خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ ہم 2014ء کے آپ کے غیر جانبدار رویئے کے معترف ہیں۔ آج بھی امید رکھتے ہیں کہ آپ سانحہ ماڈل ٹاﺅن انصاف کے لئے اپنا غیر جانبدارانہ کردار ادا کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button