
پاکستان کا بڑا فیصلہ، بھارتی دہشتگردی کے ثبوت عالمی برادری تک پہنچائیں گے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی کروانے کے معاملے کو عالمی برادری اور اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ 23 جون 2021 کو جوہرٹاؤن لاہور دھماکے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ ملوث تھی اور کئی ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایجنسیز نے دہشتگردی کے واضح ثبوت پکڑے ہیں، اور حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ثبوت انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے پیش کریں گے اور بھارت کے دہشتگردی کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں گے۔ جبکہ اس معاملے کو اقوام متحدہ میں بھی اٹھایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ایجنٹس کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے ریڈ وارنٹ بھی جاری ہو چکے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان میں دہشتگردی کی کوئی بھی صورت ہو، پیچھے کہیں نہ کہیں بھارت کا ہاتھ نظر آتا ہے، بھارت ہر قسم کی دہشتگردی کو پاکستان میں پروموٹ کرتا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ملی یکجہتی کونسل کے وفد کی ایرانی سفیر سے ملاقات
ذرائع نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے یہاں آپریٹ کیا وہ پاکستانی ہیں، جوہر ٹاون واقعہ میں حافظ سعید کی رہائش گاہ ٹارگٹ تھی، لیکن پولیس کی موجودگی کی وجہ سے گاڑی حافظ سعید کی رہائش گاہ تک نہیں پہنچ سکی۔ ذرائع نے کہا کہ چھوٹے موٹے نیٹ ورک ملک کے مختلف حصوں میں بنتے رہتے ہیں، ہمارے ادارے اور ایجنسیاں اس کے پیچھے لگی ہوئی ہیں۔ کلبھوشن کا گرفتار ہونا بھارت کا سفاک چہرہ دکھانے کو کافی ہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ 23 جون 2021 کو جوہر ٹاؤن لاہور میں دھماکا ہوا ہم 16 گھنٹوں میں اس کیس کی تہہ تک پہنچ چکے تھے، اس دھماکے میں تین ملزمان ملوث تھے، تینوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔