اسلامی تحریکیںپاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

پاکستانی کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، اسرائیل کی نابودی قریب تر ہے

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) تحریک آزادی القدس پاکستان کی جانب سے مرکزی القدس ریلی کراچی میں نمائش تا تبت سینٹر نکالی گئی۔ جس میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر زاہد مہدی،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی، مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکریٹری شیعہ علماء کونسل علامہ ناظر عباس تقوی، سربراہ امت واحدہ علامہ امین شہیدی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری جمعیت علمائے پاکستان مفتی عقیل انجم سمیت دیگر سیاسی، سماجی و مذہبی رہنماؤں نے شرکائے ریلی سے خطاب کیا۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر آئی ایس او زاہد مہدی نے بیت المقدس پر اسرائیل کے ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ظلم و بر بریت کی انتہا کردی ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں کی اخلاقی و انسانی حمایت جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینیؒ نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کرفلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی جو آج تک جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین دنیا کا سلگتا ہوا مسئلہ ہے، اقوام متحدہ اپنی منافقت چھوڑ کراسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے، کیوں کہ فلسطین میں قیام امن کے بغیر دنیا میں امن و استحکام کا قیام نا ممکن ہے، ہم ظلم کیخلاف برسرپیکار رہنے والی دنیا بھر خصوصا فلسطین،کشمیر اور یمن کی تمام تر اسلامی مقاومتی تحریکوں کی حمایت کرتے ہیں ۔انکا مزید کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مصلحتوں سے بالاتر ہو کر یوم القدس کو سرکاری سطح پر منایا جائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں اسلام آباد، مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام آزادی القدس ریلی کا انعقاد

مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ فلسطین و قبلہ اؤل کی آزادی کے لیے مسلم ممالک کو مسلح جدوجہد کا آغاز کرنا چاہیے کیوں کہ مسلح جدوجہد کے بغیر بیت المقدس کی آزادی نا ممکن ہے، لیکن افسوس ناک صورتحال تو یہ ہے کہ اسلامی ریاستوں نے غاصب صیہونی ریاست کو تسلیم کرکے اور اس سے سفارتی و معاشی تعلقات قائم کرکے صیہونیت سے وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپا۔ انہوں نے پاکستانی حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی غلطی کی تو پاکستانی عوام کا ردعمل دیدنی ہوگا۔

مرکزی رہنماء شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ اسرائیلی نے ظلم و ستم کی انتہاء کی ہوئی ہے مگر افسوس کہ اقوام متحدہ نے فلسطین کے مسئلے پر ہمیشہ دوغلے پن کا مظاہرہ کیا اور افسوس تو اس بات کا ہے کہ نام نہاد او آئی سی بالخصوص عرب حکمران خاموش تماشائی بنے رہے۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا،اسی فرمان پر عمل کرتے ہوئے ملت پاکستان اعلان کرتی ہے کہ فلسطین کی آزادی تک جدوجہد و مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گی کیوں کہ یوم القدس فلسطینیوں اور بالعموم تمام مظلومین کی حمایت کا دن ہے، مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔ فلسطینیوں کی ان کے گھروں سے بے دخلی اورانبیاء کی زمین پر قبضے، فلسطینی عوام پر مسلسل مظالم کے پہاڑ توڑنا، خواتین کی بے حرمتی، قید و بند کی تکالیف اور تسلسل کے ساتھ ڈھائے جانے والے مظالم پر انسانی حقوق کے علمبرداروں کی خاموشی معنی خیز ہے۔

سربراہ امت واحدہ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ اب وہ وقت گزر گیا ہے جب اسرائیل اپنے توسیع پسندانہ عزائم کوعملی جامہ پہناتا تھا۔ اب اسلامی مقاومت اسرائیل کا گھراؤ کر چکا ہے۔ وہ وقت دور نہیں کہ جب دنیا اسرائیل کے ناپاک وجود سے پاک ہو جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی مقاومت اور آج کی ریلی میں موجود جوان اسرائیل کے اوپر مثل ابابیل قہر بن کر گریں گے۔

جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما مفتی عقیل انجم نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کی جمہوری، سیاسی اور اخلاقی حمایت جا ری رکھیں گے، اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے انسانیت کو شرمادینے والے اقدامات کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم اور نئی بستیوں کی تعمیر کو رکوانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مظلوم و محکوم فلسطینی عوام کے لئے اپنی ہی زمین تنگ کی جارہی ہے، مسئلہ فلسطین کئی دہائیوں سے عالمی مسئلہ بنا ہوا ہے لیکن عرب حکمرانوں کی کم عقلی اور استعماری قوتوں کے ہاتھوں غلامی کا تاج پہننے کے شوق نے مسئلہ فلسطین کو علاقائی مسئلہ بنادیا ہے اور اس کی حساسیت کو کم کرنے کی کوشش کی لیکن جب تک پاکستان و دیگر اسلامی ممالک میں انسانیت کے حقیقی علمبردار موجود ہیں اس مسئلے کو کسی صورت دبنے نہیں دیں گے کیونکہ مسئلہ فلسطین اسلامی مسئلے کے ساتھ ساتھ انسانیت کا مسئلہ بھی ہے۔

ریلی کے اختتام پر شرکاء نے امریکی و اسرائیلی پرچم نذرآتش کیے اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button