نجف، پاکستانی وفد کی آیت اللہ بشیر نجفی سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آیت اللہ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف سے امیر متحدہ جمیعت اہل حدیث اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر سید عطاء اللہ شاہ صاحب،ملی یکجہتی کونسل کے ممبر اور تحریک اویسی کے سربراہ پیر غلام رسول اویسی صاحب،پاکستان میں بی بی سی اردو کے مدیر ذیشان حیدر اور سماء ٹی وی کے میزبان سید بلال قطب نےان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے حضرت امیر المومنین علیہ السلام کی سیرت اور عظمت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ خداوند متعال نے رسول اللہ ؐ کے بعد حضرت امیر المومنین علیہ السلام کو دین اور اسلام کا مرکز قرار دیا ہے اور آپ علیہ السلام کی ذات گرامی ہی امت مسلمہ کے لیے وحدت کا ذریعہ ہے کیونکہ پوری امت مسلمہ امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کو بالاتفاق خلیفہ تسلیم کرتی ہے ۔
مزیدبرآں مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے فرمایا کہ فقیروں سے محبت امیر المومنین علیہ السلام کا شیوہ تھا۔آپ علیہ السلام فقیروں کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر کھانا کھاتے تھے۔آپ کا عدل وانصاف اسلام کی حقیقت و حقانیت کو ظاہر کرتا تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی وفاقی وزیر مذہبی امورپیر نور الحق قادری سے ملاقات
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے اس بات پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ اہلبیت علیہم السلام کے گھرانے کا یہ دستور تھا کہ اسلام بچانے کے لیے اس پر ہر چیز کو قربان کر دیا جائے اور کربلاء کا واقعہ اسی کا شاخسانہ تھا۔ امام حسین علیہ السلام نے اپنی عظیم قربانی پیش کر کے اسلام کو بچایا۔
آخرمیں آیت اللہ حافظ بشیرنجفی نے امت مسلمہ کو بالعموم اور پاکستانیوں کو بالخصوص یہ پیغام دیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ بتاتی ہے کہ جو بھی لا الہ اللہ محمد رسول اللہ پڑھ لیتا ہےرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس کو اپنی آغوش رحمت میں لے لیتے اگر وہ ان کے دین کا پابند ہےلہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس سیرت پر عمل پیرا ہونا چاہیے اور اپنے ذاتی اختلافات کو اسلام سے منسلک نہیں کرنا چاہیے۔
دوسری جانب آئے ہوئے وفد نے مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کی خدمت میں فرمایا کہ جتنا ہم نے آپ کے متعلق سنا تھا آپ کو اس سے بڑھ کر پایا ۔آپ کی پدرانہ نصیحتوں نے ہمارے قلوب کو منور کر دیا ہے اور یہ اس امر کا مصداق تھیں کہ جو بات دل سے نکلتی ہے اثر رکھتی ہے۔
آخرمیں آئے ہوئے وفد نے تقریب بین المذاہب کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کو بیان کیا جن کو مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے سراہتے ہوئے مزید توفیقات خیر کے اضافے کے لیے دعا فرمائی۔دوسری جانب آئے ہوئے وفد نے قیمتی وقت دینے پر مرجع دینی آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔