اربعین حسینی پر پاکستانی زائرین کا عراق میں داخلہ فری ہوگا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جو پاکستانی زائرین اربعین کیلئے عراق آئیں گے، ان کا داخلہ فری ہو گا۔ عراقی حکومت نے ویزہ فیس کا خاتمہ صرف اربعینِ شہدائے کربلا کے موقع پر کیا ہے۔ اس بات کا اعلان ادارہ منہاج الحسینؑ کے سربراہ علامہ محمد حسین اکبر نے ایک نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ عراقی وزیراعظم نے پاکستانیوں کیلئے کوٹہ کی محدود تعداد ختم کرکے مکمل آزادی دیدی ہے کہ جتنے مرضی زائرین آئیں آ سکتے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں عراقی حکومت کا اربعین حسینی کے لئے زائرین کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ
علامہ محمد حسین اکبر نے مزید بتایا کہ عراقی وزیراعظم نے غیر قانونی پاکستانی تارکین وطن کی آمد کے حوالے سے بھی تحفظات کا اظہار کیا اور پاکستانی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے اس معاملے پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ جس پر رانا ثناء اللہ نے یقین دہانی کروائی کہ اس معاملے میں عراقی حکومت کیساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ علامہ محمد حسین اکبر، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی قیادت میں عراق کا دورہ کرنیوالی سرکاری ٹیم میں شامل ہیں۔ ان کیساتھ علامہ افتخار حسین نقوی، علامہ شبیر حسن میثمی اور علامہ عارف حسین واحدی بھی وفد کا حصہ ہیں۔