
فلسطینی مجاہدین نے صیہونیوں کے خلاف "طوفان رمضان” کی کال دے دی
شیعہ نیوز: تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطین میں سرگرم اسلامی مزاحمتی گروہوں نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں دنیا بھر کے مسلمانوں اور مزاحمتی گروہوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہ مبارک رمضان میں غاصب صیہونی رژیم کے خلاف مزاحمتی کاروائیوں کی شدت میں اضافہ کر کے عالمی سطح پر "طوفان رمضان” برپا کر دیں۔ بیانیے میں کہا گیا ہے: "اجازت دیں یہ عالمی طوفان غاصب صیہونی رژیم کے خلاف مختلف پابندیوں، بائیکاٹ، احتجاج اور مظاہروں کی برپایی اور دیگر مزاحمتی اقدامات پر مشتمل ہو۔” فلسطینی مجاہدین نے اپنے بیانیے میں کہا کہ ہم چاہتے ہیں تمام محاذوں پر ہر قسم کی مزاحمت فعال ہو جائے اور ماہ مبارک رمضان فلسطین کے حق میں عالمی طوفان کا مہینہ ثابت ہو۔ اس بیانیے میں شامل اہم نکات درج ذیل ہیں:
1)۔ ہم عالمی سطح پر طوفان رمضان مہم کی ہمہ جہت اور بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور دنیا بھر میں بیدار ضمیر انسانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ماہ مبارک رمضان میں "طوفان رمضان” کے عنوان سے فلسطین کے منصفانہ اہداف کی کامیابی کیلئے، صیہونی دشمن پر ہمارے شہریوں کے خلاف جاری نسل کشی پر مشتمل جنگ روکنے کیلئے دباو ڈالنے کی غرض سے اور غاصب طاقتوں کی سازشوں کو ناکم بنانے کیلئے قومی، علاقائی اور عالمی سطح پر سب سے بڑا باقاعدہ اور عالمی اقدام انجام دیں۔
2)۔ ہماری خواہش ہے کہ اس عالمی طوفان پر مبنی مہم میں ہر سطح اور ہر قسم کے مزاحمتی اقدامات انجام پائیں جن میں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ، اسے فراہم کئے جانے والی مصنوعات پر پابندی، عوامی احتجاج اور مظاہرے اور تمام ممالک کے دارالحکومت میں عوامی احتجاج شامل ہو۔
3)۔ ہم اپنی قوم کے حقوق جیسے آزادی، حق خود ارادیت، جلاوطن فلسطینیوں کی وطن واپسی اور قدس شریف کی مرکزیت میں فلسطین نامی خودمختار ریاست کے قیام پر زور دیتے ہیں۔
4)۔ ہم قابض قوتوں کو اپنی سرزمین سے نکال باہر کرنے تک غاصب صیہونی رژیم کے خلاف مزاحمت کی بھرپور اور مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ ہم ہر شکل میں مزاحمت فعال ہونے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہیں اور غاصب طاقتوں کے خلاف ہر محاذ پر اور ہر شعبے میں مزاحمت پر تاکید کرتے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ ماہ مبارک رمضان، فلسطین کی کامیابی اور اس کے منصفانہ اہداف کے حصول کیلئے عالمی طوفان کا مہینہ ثابت ہو۔
یاد رہے اسرائیل کی غاصب صیہونی رژیم نے ماہ مبارک رمضان کیلئے فلسطینی مسلمانوں کو مسجد اقصی تک رسائی محدود کرنے کیلئے اسپشل سکیورٹی پلان تیار کیا ہے۔ اگرچہ ہر سال صیہونی حکمران ماہ مبارک رمضان میں فلسطینی مسلمانوں کی مسجد اقصی تک رسائی محدود کر دیتے تھے لیکن اس سال یہ خاص سکیورٹی منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد فلسطینی مسلمانوں کے خلاف شدید پابندیاں عائد کرنا ہے۔ اس بارے میں گذشتہ رات حماس کے ملٹری ونگ سرایا القدس کے ترجمان ابوحمزہ نے تمام اسلامی اور عرب ممالک کے شہریوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ صیہونی رژیم کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اٹھ کھڑے ہوں اور یکم رمضان کو اہل غزہ کی حمایت کیلئے عالمی دن قرار دیں۔