بیت المقدس میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی میں فلسطینی نوجوان شہید
شیعہ نیوز: مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں واقع قصبے عناتا میں قابض اسرائیلی فوج نے ایک نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا۔
یروشلم گورنری کے انفارمیشن آفس نے ایک بیان میں اطلاع دی ہے کہ شادی وسام شیحہ نامی لڑکے کو عناتا قصبے میں قابض اسرائیلی فوج نے گولیاں ماریں۔ نوجوان اس جگہ کار واش کا مالک تھا۔
یہ بھی پڑھیں : صیہونیوں کی جانب سے مسجد الاقصی کی بے حرمتی کشیدگی بڑھانے کے لئے ہے، باقری
مقامی ذرائع نے بتایا کہ بیت المقدس کے مشرق میں شہریوں کی زمینوں پر تعمیر ہونے والی "پِسگات زیف” کالونی کے اندر سے قابض فوج کے سنائپرز نے دیوار فاصل کے پیچھے سے قابض فوجیوں پر پتھراؤ کرنے کے بہانے نوجوان شیحہ پر گولیاں برسائیں۔
مقبوضہ بیت المقدس میں شوافات پناہ گزین کیمپ اور وادی الجوز محلے میں آج شام اسرائیلی قابض فوج کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج کی بڑی تعداد نے بیت المقدس کے شمال میں واقع شعفاط کیمپ پر دھاوا بولا اور شہریوں کی گاڑیوں، دکانوں اور گھروں پر سٹن گرینیڈ اور زہریلی آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
قابض پولیس نے بیت المقدس کے وسط میں واقع وادی الجوز محلے پر بھی دھاوا بولا اور متعدد شہریوں پر حملہ کیا، جس کے بعد علاقے میں تصادم کی اطلاعات ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔