پاراچنار میں عظیم الشان آزادی القدس ریلی، ہزاروں افراد کی شرکت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاراچنار میں سابق سینیٹر علامہ سید عابد حسین الحسینی کی قیادت میں تاریخی آزادی القدس ریلی نکالی گئی، جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء شہر کے مختلف حصوں سے گزرتے ہوئے شہید چوک پاراچنار پہنچے، جہاں مظاہرین کے اجتماع سے علمائے کرام نے خطاب کیا۔ سابق سینیٹرعلامہ سید عابد الحسینی، علامہ خیال حسین، تحریک حسینی کے رہنما علامہ تجمل حسین، حاجی عابد حسین اور دیگر مقررین نے کہا کہ فلسطینوں اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم افسوسناک ہیں اور اس سے بھی زیادہ افسوسناک امر مسلم ممالک کی خاموشی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں پاکستانی کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، اسرائیل کی نابودی قریب تر ہے
رہنماؤں نے فلسطین اور کشمیریوں سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔ علاقائی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے رہنماؤں نے بالش خیل سمیت تمام تر زمینی تنازعات کو فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا اور پولیس بھرتیوں، تعلیم اور صحت کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔