ضلع کرم میں پائیدار امن کیلئے40سے زائد پارلیمنٹیرینز کی دستخط شدہ قرارداد قومی اسمبلی میں پیش
1۔ ضلع کرم کے ٹل پاراچنار روڈ کو چھپری تا تری منگل ہر قسم کے ٹریفک کے لئے محفوظ بنایا جائے۔کرم ملیشاء کے چیک پوسٹ بنائے جائیں۔
شیعہ نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین صاحب نے قومی اسمبلی میں ضلع کرم میں مستقل قیام امن اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے قرارداد پیش کی،چالیس سے زائد قومی اسمبلی کے ممبران نے پاراچنار ڈسٹرکٹ کرم کے حق میں قرارداد پر دستخط کردیئے اور ایم این اے انجینئر حمید حسین صاحب کی قرارداد کو سپورٹ کیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ضلع کرم کے حالات گذشتہ 3 سالوں سے خراب سے خراب تر ہوتے جارہے ہیں۔عوام غیر محفوظ ہیں۔وحشت ناک قتل عام کیا جا رہا ہے۔املاک کو نقصان پہنچایاجا رہا ہے۔لڑائی اور کشیدگی کی وجہ سے لاکھوں کی آبادی محصور ہو کر رہ گئی ہیں۔
لہٰذا قومی اسمبلی پاکستان کا یہ ایوان مندرجہ ذیل مطالبات پر قرارداد منظور کرتا ہے کہ!
1۔ ضلع کرم کے ٹل پاراچنار روڈ کو چھپری تا تری منگل ہر قسم کے ٹریفک کے لئے محفوظ بنایا جائے۔کرم ملیشاء کے چیک پوسٹ بنائے جائیں۔
2۔ضلع کرم کا دیرینہ مسئلہ زمینی تنازعات ہیں اس زمینوں پر قاضبین کے قبضے ختم کر کے کاغذات مال کے مطابق تنازعے حل کئے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: مظلومینِ پاراچنار کی توانا آواز آغا مزمل حسین فصیح کو گرفتار کر لیا گیا
3۔جہاں پر دہشتگردی کا واقعہ ہوا وہاں سیکورٹی فورسز ناکہ بندی کر کے دہشتگردوں کے خلاف فوری کاروائی کرے۔
4۔اسپیکر قومی اسمبلی کی ایک خصوصی پارلیمانی کمیٹی بنا دے جو ضلع کرم کے تمام تر دل خراش واقعات پر مکمل تحقیقات کر کے رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے اور اس رپورٹ کی سفارشات کے تحت اسپیکر حکومت کو ضروری احکامات جاری کرے۔
5۔اسپیکر قومی اسمبلی کی ایک اور کمیٹی تمام مسالک کے جید معتدل علماءکرام کی بھی بنائے جو تمام قبائل سے ملے اور شرعی حدود بتائے۔
6۔ضلع کرم کے عمائدین نے دسمبر 2024ء معاہدہ اور مری معاہدے کئے ہیں۔حکومت ان معاہدوں کو ایک ٹائم فریم کے مطابق نافذ عمل کرائے۔
7۔یہ مقدس ایوان حکومت پاکستان اور کمانڈر انچیف حافظ سید عاصم منیر سے مطالبہ کرتا ہے کہ بروقت اور سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے ان سنگین مسائل کا فی الفور حل کیا جائے۔