
پی بی 20 ضمنی انتخابات، جماعت اسلامی کا امیدوار بدنام زمانہ شفیق مینگل کے حق میں دستبردار
شیعہ نیوز: بلوچستان کے حلقہ پی بی 20 وڈھ میں ضمنی انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدوار مولانا اسلم گزگی نے کالعدم تنظیم کے بدنام زمانہ دہشتگرد اور ڈیتھ اسکواڈ کے مبینہ لیڈر شفیق مینگل کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔ وڈھ میں ایک پریس کانفرنس کے موقع پر یہ اعلان کیا گیا۔ جماعت اسلامی کے رہنماء مولانا اسلم گزگی نے اس موقع پر کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کی صوبائی قیادت اور علاقائی قائدین سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ دوسری جانب جماعت اسلامی کے امیدوار کے شفیق مینگل کے حق میں دستبردار ہونے کے بعد بعض حلقوں میں بے چینی پیدا ہو گئی ہے۔ مختلف سیاسی و سماجی کارکنان جماعت اسلامی کے فیصلے پر تنقید کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل اس حلقے سے صوبائی اسمبلی کی نشست جیت گئے تھے، جنہوں نے قومی اسمبلی کی نشست بھی جیتی تھی۔ جس کے بعد وہ قومی اسمبلی میں چلے گئے۔