
سوات کے عوام ہزاروں کی تعداد میں دہشتگردی کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے
شیعہ نیوز:رہنماء پاکستان تحریک انصاف مراد سعید کی کال پر سوات کے علاقہ مینگورہ میں بڑی تعداد میں عوام دہشتگردی کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے، پاکستان تحریک انصاف سوات کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ نشاط چوک پر ہوا۔ جس میں بڑی تعداد میں رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے دہشت گردی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر مراد سعید نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم حکومت کی پالسیوں کی شدید تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ کسی صورت اپنے لوگوں کو دہشتگردی کا شکار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہمارے لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں، ہمارے سیکورٹی اہلکار شہید ہورہے ہیں، لیکن حکومت اقتدار کو طول دینے کے چکر میں ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی سوات، مینگورہ اور کبل میں دہشت گردی کے خلاف بڑے جلسے اور ریلیاں منعقد ہوئیں، جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔