اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

پشاور: مدرسے میں دھماکا، 8 افراد جاں بحق، 110 زخمی

شیعہ نیوز: پاکستان ایک باہر پھر دہشت گردی کی لپیٹ میں آ گیا ہے اور منگل کو پشاور کے ایک مدرسے پر ایک دہشت گردانہ حملے میں آٹھ  لوگ جاں بحق ہو گئے۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مدرسہ جامعہ زبیریہ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں طلبہ سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 110 زخمی ہوگئے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشن منصور امان نے بتایا کہ دھماکا پشاور کی دیر کالونی میں واقع ایک مدرسے میں ہوا۔

دھماکے کے بعد پولیس، ریسکیو حکام اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

علاوہ ازیں ایس ایس پی آپریشنز منصور امان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 35 زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

منصور امان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ امپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس (آئی ای ڈی) دھماکا تھا جس میں 5 سے 6 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔

ادھر ایک اور سینئر پولیس عہدیدار نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ مدرسے میں دھماکا اس وقت ہوا جب قرآن پاک کی کلاس جاری تھی اور کوئی فرد مدرسے میں بیگ رکھ کر چلا گیا۔

ایک اور سینئر پولیس افسر محمد علی گنڈاپور نے ان معلومات کی تصدیق کی اور کہا کہ زخمی ہونے والوں میں 2 استاد بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے بتایا کہ دیر کالونی میں دھماکے کے بعد 7 لاشوں اور 70 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، بعدازاں انہوں نے بتایا کہ ایک اور فرد دوران علاج جان کی بازی ہار گیا جس سے مجموعی تعداد 8 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں 4 طالبعلم بھی تھے جن کی عمریں 15 سے 25 سال کے درمیان تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جا رہی ہیں تاہم زیادہ تر زخمی جھلسے ہوئے ہیں جبکہ ہسپتال ڈائریکٹر محمد طارق برکی خود ایمرجنسی ٹیم کے ہمراہ ایمرجنسی میں موجود ہیں۔

رپورٹس کے مطابق زخمیوں کو خیبر ٹیچنک ہسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور نصیر اللہ خان بابر ہسپتال بھی منتقل کیا گیا، جہاں حکام نے بتایا کہ 72 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ، 2 خیبر ٹیجنگ اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور 37 نصیر اللہ خان بابر ہسپتال لائے گئے۔

واقعے کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے بھی جائے وقوع کا دورہ کیا اور اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت توجہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنے پر ہے تاکہ وہ جلد از جلد ٹھیک ہوسکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button