
پولنگ سروے میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کیلئے ٹھوس ثبوت موجود
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) نئے امریکی پولنگ سروے کے مطابق آدھے سے زیادہ امریکی شہری اور عوامی نمائندے اس بات کے قائل ہیں کہ صدر ٹرمپ کے مواخذے کیلئے قابل قدر ثبوت پیش کر دیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ میں ہونے والی ایک تازہ ترین رائے شماری کے مطابق آدھے سے زیادہ امریکی شہری اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ امریکی ہاؤس آف ریپریزینٹیٹوز کے پاس صدر ٹرمپ کے مواخذے کیلئے بطور کافی ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ’’ھیریس ایکس‘‘ نامی امریکی ادارے کی طرف سے انجام دیئے گئے سروے، جس کو امریکی میڈیا میں خاطر خواہ کوریج بھی ملی ہے، یہ نتیجہ نکالا گیا ہے کہ 53 فیصد امریکی شہریوں کا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ کے مواخذے کیلئے کافی حد تک ٹھوس شواہد پیش کر دیئے گئے ہیں جبکہ 47 فیصد کا خیال ہے کہ امریکی ہاؤس آف ریپریزینٹیٹوز میں موجود ڈیموکریٹس نے مواخذے کیلئے بطور کافی شواہد پیش نہیں کئے۔
دوسری طرف امریکی سیاسی پارٹیز کے درمیان اسی موضوع پر اختلاف رائے کی شرح اس سے کہیں زیادہ ہے جہاں ڈیموکریٹک پارٹی کے 83 فیصد نمائندے صدر ٹرمپ کے مواخذے کیلئے پیش کئے گئے ثبوتوں کو کافی سمجھتے ہیں جبکہ صرف 23 فیصد ریپبلکن ایسے ہیں جو پیش کئے گئے ثبوتوں کو کافی تصور نہیں کرتے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ اعداد و شمار امریکی پارلیمنٹ میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کا بل پاس ہو جانے کے ایک روز بعد ایسے 1001 امریکی افراد سے حاصل کئے گئے ہیں جو ووٹ دینے کی اہلیت رکھتے ہیں جبکہ ان اعداد و شمار میں غلطی کا صرف 3.1 فیصد امکان موجود ہے۔
واضح رہے کہ امریکی ہاؤس آف ریپریزینٹیٹوز نے جمعرات کے روز صدر ٹرمپ کے مواخذے کے متعلق ہر دو قراردادوں کو اکثریت رائے کیساتھ منظور کر لیا تھا جس کے نتیجے میں موجودہ امریکی صدر ٹرمپ امریکی تاریخ کے تیسرے ایسے صدر بن گئے ہیں جن کے خلاف مواخذے کی تحریک قانونی مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔
صدر ٹرمپ کے مواخذے کیلئے امریکی ہاؤس آف ریپریذینٹیٹوز میں دو مراحل میں رائے شماری کی گئی ہے جن میں پہلے مرحلے میں صدر ٹرمپ کی ’’اپنے اختیارات سے غلط فائدہ اُٹھانے‘‘ کی قرارداد تھی جو 197 مخالف ووٹوں کے مقابلے میں 230 موافق ووٹوں کے ساتھ جبکہ دوسری جو ’’ان کے خلاف ہونیوالی تحقیقات میں انکی طرف سے رکاوٹ ڈالے جانے‘‘ کے الزام پر مبنی تھی، 198 مخالف ووٹوں کے مقابلے میں 229 موافق ووٹوں کیساتھ منظور کر لی گئی۔