سیکورٹی کے نام پر خاردار تاریں لگا کر جلوسوں کو محدود نہ کیا جائے: علامہ اسد اقبال
شیعہ نیوز: شیعہ علما کونسل سندھ کے صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی نے کہا ہے کہ ماتمی جلوسوں کو محدود نہ کیا جائے، انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سیکورٹی کے نام پر خاردار تاریں لگا کر راستے بند کئے جاتے ہیں، راستے اور گلیاں بند کرنے سے عزاداروں کو پریشانی ہوتی ہے جس کے سلسلے میں گورنر سے ملاقات میں فائل انکے حوالے کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیگر علماء کرام و رہنماؤں کے ہمراہ سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی جائے، حکومت سیکورٹی بڑھائے ہم تعاون کریں گے۔
علامہ سید اسد اقبال زیدی نے کہا کہ عزاداری ایک گراؤنڈ میں نہیں کی جاسکتی ہے، حضرت امام حسین علیہ سلام کی یاد میں جلوس نکالے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ مجالس اور عزاداری کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے ریلوے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ روہڑی کے ماتمی جلوس کے شرکا کے لئے اسپیشل ٹرین چلائی جائے اور عزاداروں کو ٹرین کی چھتوں پر نا چڑھنے دیا جائے۔